لاہور:
سابق کپتان وسیم اکرم نے نسیم شاہ کو بہترین دریافت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نسیم شاہ پاکستان کرکٹ میں اچھا اضافہ ثابت ہوں گے۔
ایک انٹرویو میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ نوجوان پیسر نے آسٹریلیا میں ٹور میچ کھیلتے ہوئے گہرا تاثر چھوڑا، پاکستان میں فرسٹ کلاس میچز میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک میچ میں 9 شکار کیے، انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس پیس کا ہتھیار ہے، فرسٹ کلاس میں وکٹیں بھی حاصل کی ہوں تو وہ ٹیسٹ کرکٹ کیلیے تیار ہے، میری اور وقار یونس کی کرکٹ کا آغاز بھی 17 سال کی عمر میں ہوا۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ اپنی والدہ کے انتقال کے باوجود آسٹریلیا سے واپس نہیں گئے، سب ان کو کھیلتا اور پرفارم کرتا دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کرکٹ کے لیے بھی یہ دور بڑی اہمیت کا حامل ہے، نیا کوچ اور نئی منیجمنٹ ہے، وقار یونس جیسے سابق عظیم بولر کی رہنمائی بھی میسر ہے، ان سب کو مستحکم ہونے میں وقت لگے گا لیکن پاکستان کرکٹ درست سمت میں گامزن ہے۔