کینگروز کا شکار، پاکستان نے ہتھیار تیز دھار بنانا شروع کر دیے

0
385

لاہور:

کینگروز کے شکار کیلیے پاکستان نے ہتھیار تیز دھار بنانا شروع کردیے، سڈنی کی تیز ہواؤں میں سلپ کیچز سمیت فیلڈنگ کی مختلف مشقوں کا سلسلہ جاری رہا۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ہلکی پھلکی ٹریننگ کرنے والے پاکستانی کرکٹرز نے گذشتہ روز بھرپور مشقوںکا آغاز کردیا، کھلاڑیوں نے وارم اپ ڈرلز کی مدد سے لہوگرمانے کے بعد فیلڈنگ پریکٹس پر توجہ دی،آغاز میں کھلاڑیوں کو ایک مشکل ٹاسک دیا گیا، چھوٹے بیٹ سے گیندوں کو اچھالا جاتا فیلڈرز سنگل وکٹ کو چھونے کے بعد پیچھے مڑتے اور گیند پر قابو پانے کے بعد ساتھی کھلاڑی کی طرف اچھالتے جو واپس کوچ کی طرف پھینک دیتا،اس مشق میں تمام کرکٹرز باری باری شریک ہوئے۔

بعد ازاں سلپ فیلڈرز کو خصوصی پریکٹس کرائی گئی،بیٹ کا کنارہ چھوکر تیزی سے آنے والی گیندوں کو کیچ کرنے کیلیے کھلاڑیوں کو خاصی محنت کرنا پڑی،اس کے بعد اونچے کیچز تھامنے کی مشق بھی جاری رہی،سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے کیچ لینے میں دشواری کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

 

محمد رضوان نے کیپنگ گلوز اور پیڈز پہن کر پچ کے بجائے میدان میں سبز گھاس سے پھسل کر آنے والی تیز گیندوں پر قابو پانے کی مشق جاری رکھی،انھیں باؤنس کا عادی بنانے کیلیے فضا میں معلق گیندوں کو بھی تھامنا پڑا، دوسری طرف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبان ٹیم کو حیران اور پریشان کرنے کا عزم لیے پیسرز نے اپنی لائن اور لینتھ بہتر بنانے پرکام کیا۔

بولنگ کوچ وقار یونس کی توجہ خاص طور پر محمد موسٰی اور محمد حسنین پر مرکوز رہی، وہاب ریاض اپنی رفتار، محمد عامر سوئنگ اور محمد عرفان باؤنس سے بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کیلیے کوشاں رہے،دوسری جانب اسپنرز عماد وسیم، شاداب خان اور عثمان قادر نے الگ نیٹ میں طویل سیشن کیا،افتخار احمد نے بھی آف اسپن بولنگ کوموثر بنانے کا سلسلہ جاری رکھا،بیٹنگ میں ٹاپ آرڈر نے نئی گیند کا سامنا کرتے ہوئے اپنے اسٹروکس چیک کیے۔

کپتان بابر اعظم، فخرزمان اور امام الحق نے آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیندوں کو کھیلتے ہوئے اپنی خامیاں درست کرنے پر توجہ دی، حارث سہیل، آصف علی اور افتخار احمد سمیت مڈل آرڈر بیٹسمینوں نے بھی پیسرز کے بعد اسپنرز کا سامنا کیا،سینئر پلیئرز خوشدل شاہ کے اعتماد میں اضافے کیلیے کوشاں رہے،ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بیٹسمینوں کو ہوا کا رخ دیکھتے ہوئے سٹروکس کھیلنے کیلیے مشورے دیے۔

آل راؤنڈرز اور ٹیل اینڈرز نے بھی بیٹنگ پریکٹس کرتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا، گرین شرٹس بدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 9سے دوپہر ایک بجے تک ٹریننگ کریں گے، ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل جمعرات کو سڈنی کے بینکس ٹاؤن اوول گراؤنڈ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کیخلاف ٹور میچ میں ہتھیاروں کی آزمائش کرے گی۔

میزبان سائیڈ کی قیادت تجربہ کار اور جارح مزاج بیٹسمین کرس لین کے سپرد ہے، کرکٹ آسٹریلیا کے اسکواڈ میں 12بگ بیش لیگ کنٹریکٹ یافتہ اور4 انڈر20کرکٹرز شامل ہیں،الیکس روز اور کرس گرین جیسے سینئرز کی خدمات بھی میسر ہوںگی۔

سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز میں پاکستان کی مسلسل 3شکستوں کی بڑی وجہ یہ تھی کہ بابر اعظم 13،3 اور 27رنز بنا سکے جس کے بعد مڈل آرڈرکا اعتماد بھی متزلزل ہوگیا،ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عالمی نمبر ون بیٹسمین کی کوشش ہوگی کہ وارم اپ میچ میں اپنی فارم مکمل طور پر بحال کرتے ہوئے بطور کپتان بھی اعتماد میں اضافہ کریں،ٹور میچ سے پاکستان کو ٹیم کمبی نیشن بنانے کے فیصلے میں بھی مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی3 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا، دوسرا مقابلہ 5 تاریخ کو کینبرا میں شیڈول ہے، تیسرا میچ8 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here