ترقیاتی منصوبوں کیلیے غیر ملکی قرضے سے 14 ارب ڈالر فوری جاری کرنے کا حکم

0
345

اسلام آباد:

وزیراعظم نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 14 ارب ڈالر غیر ملکی قرضے سے  فوری طور پر جاری کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

ایکسپریس ٹریبیون نے ایک ماہ قبل اس امر کی نشاندہی کی تھی کہ 21.6 ارب ڈالر کی غیر ملکی امداد ضابطے کی ناقص کارروائیوں کی وجہ سے تقسیم نہ ہو سکی، 14 ارب ڈالر کے منصوبوں میں 7.5 ارب ڈالر کے منصوبے سنگین رکاوٹوں کی نذر ہو رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق وزارت خزانہ سے بریفنگ لی، ان منصوبوں میں تاخیر نہ صرف معاشی فوائد سے محرومی کا باعث ہے بلکہ یہ سستے غیر ملکی قرضوں کو بھی ضائع کرنے کے مترادف ہے۔

 

وزیر اعظم آفس سے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ کے مطابق وزیرا عظم نے وزارت خزانہ کو ہدایت جاری کی کہ التوا کا شکار ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق انھیں مرحلہ وار آگاہ رکھا جائے اورکسی بھی مشکل کو دور کرنے کے سلسلے میں وزیرِ اعظم آفس سے رجوع کیا جائے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عمل درآمدسے جہاں معاشی عمل تیز ہوگا وہاں نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے،مذکورہ منصوبوں کی تاخیر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی گئی کی یہ کمیٹی آئندہ ہفتے ترقیاتی منصوبوں کو فنڈز کی عدم فراہمی کے تدارک کا لائحہ عمل مرتب کر لے گی،وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ فنڈز کی فوری فراہمی کیلئے کمیٹی نے ابتدائی خاکہ تیار کر  لیا ہے۔

ضابطے کی مروجہ کارروائی کے مطابق وزارت منصوبہ بندی کو منصوبے کیلئے فنڈز کی منظوری کیلئے ڈیڑھ ماہ کا عرصہ درکا رہوتا ہے،وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں اور خصوصاً بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے جاری منصوبوں پر پیش رفت تیز کی جائے۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سے جب اس صورتحال پر تبصرے کیلئے رابطہ کیا گیا تو وہ دستیاب نہ ہو سکے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here