کراچی:
پاکستان اورسری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کے موقع پر سہولتوں کی فراہمی کیلیے انتظامات کا سلسلہ جاری ہے۔
جمعرات سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں اسپتال قائم کردیا گیا، اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت کی پہلی منزل پر پلئیرز ڈریسنگ رومز سے منسلک اس اسپتال میں 3 بیڈزرکھے گئے ہیں جبکہ تمام ضروری ادویات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے.
اسپتال کے فوکل پرسن ڈاکٹر کامران رضوی کے مطابق اس اسپتال میں میچ میں شریک دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور دیگر آفیشلز کو طبی سہولت فراہم کی جائے گی، اسپتال میں 5 ڈاکٹرز کو تعینات کیا گیا ہے، ان میں کارڈیو لوجسٹ ڈاکٹر شاہد مماسا،آرتھو پیڈک ڈاکٹر سید جہاں زیب، ڈینٹل ڈاکٹرقاضی شکیل اور ڈاکٹرعابد خان آفریدی کے ساتھ جنرل فزیشن ڈاکٹرساجد بھی موجود رہیں گے۔
اس کے علاوہ نیشنل اسٹیڈیم ہی میں حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی میں ایک فلیڈ اسپتال کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تماشائیوں اور دیگرکو میڈیکل سہولیات فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
مزید براں نیشنل اسٹیڈیم میں ہی ڈپٹی کمشنر کراچی ایسٹ احمد علی کی زیر نگرانی موبائل ہیلتھ یونٹ بھی موجود رہے گا، فائیو اسٹار ہوٹل ہی میں ڈپٹی کمشنر ساؤتھ صلاح الدین کی زیر نگرانی میڈیکل روم بنایا گیا ہے 3 ڈاکٹرز موجود رہیں گے۔
واٹربورڈ اسٹیڈیم میں پانی سےبھرے ٹینکرکھڑے کرے گا
ایم ڈی واٹربورڈ اسد اللہ خان کی ہدایات پر واٹربورڈ نے جمعرات 19 دسمبر سے پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم میں پانی کی بلاتعطل فراہمی اور نکاسی آب کے فول پروف انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
کرکٹ میچوں کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف وقریبی علاقوں میں نکاسی آب کے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جبکہ پانی کی فراہمی، لائنوں کے علاوہ ٹینکروں کے ذریعے بھی کی جائے گی، پانی سے بھرے متعدد ٹینکروں کو اسٹیڈیم کے احاطے میں تیار رکھا جائے گا۔