کراچی:
پی سی بی کے سابق آفیشل آئی سی سی کے اینٹی کرپشن آفیسر بن گئے، پاکستان سے واقفیت کی وجہ سے سری لنکا سے سیریز میں کرنل (ر ) محمد اعظم خان کا ہی تقرر کیا گیا ہے۔
کرنل (ر ) محمد اعظم خان کافی عرصے تک پی سی بی کے ڈائریکٹر سیکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن رہے، ان کے دور میں ہی 2017کی پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ کیس سامنے آیا تھا، جس میں 5کرکٹرز خالد لطیف، شرجیل خان، محمد عرفان، ناصر جمشید اور شاہ زیب حسن کو سزائیں دی گئیں، سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے خاصے قریب سمجھے جانے والے اعظم خان نے رواں برس پی ایس ایل سے ایک ماہ قبل جنوری کے اواخر میں عہدہ چھوڑ دیا تھا، ان کی جگہ پی سی بی نے لیفٹیننٹ کرنل (ر) آصف محمود کا تقرر کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اعظم خان آئی سی سی کے ساتھ منسلک ہو چکے اور پاکستان و سری لنکا سے سیریز کیلیے انہی کا تقرر کیا گیا ہے، بعض سری لنکن کرکٹرز کیخلاف گذشتہ کچھ عرصے سے فکسنگ کی تحقیقات جاری ہیں، کئی بڑے نام بھی سامنے آ چکے، اس لیے اب بھی ان پر کڑی نظر رکھی جاتی ہے، اعظم خان کا پاکستانی ہونے کی وجہ سے ہی سیریز کیلیے تقرر کیا گیا کیونکہ وہ یہاں کے معاملات سے مکمل واقفیت رکھتے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حالیہ سیریز سے قبل پاکستانی کرکٹرز کو اینٹی کرپشن کا کوئی لیکچر نہیں دیا گیا، بیشتر کرکٹرز کا آسٹریلیا جانے سے قبل آئی سی سی اینٹی کرپشن آفیسر کے ساتھ سیشن ہو چکا تھا۔