اسلام آباد: ملک میں گزشتہ ماہ نومبر میں 17 ارب 20 كروڑ روپے كے موبائل فون درآمد كیے گئے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے نومبر 2019 كے درآمدات سے متعلق اعداد و شمار جاری كردیئے ہیں جس کے مطابق ملک میں گزشتہ ماہ نومبر میں 17 ارب 20 كروڑ روپے كے موبائل فون درآمد كیے گئے اور گزشتہ ماہ 71 ارب 44 كروڑ كی پٹرولیم مصنوعات درآمد ہوئیں، جوكہ نومبر میں اكتوبر كی نسبت 10 ارب روپے سے زائد ہیں۔
جاری كردہ اعداد و شمار كے مطابق پلاسٹک میٹریل نومبر 2019 میں 26 ارب 72 كروڑ روپے كا درآمد كیا گیا جب کہ نومبر میں ہی 15 ارب 7 كروڑ روپے كی كھاد درآمد ہوئی۔
اسی طرح سے اكتوبر 2019 میں 22 ارب 35 كروڑ روپے كی ایل این جی درآمد كی گئی، گزشتہ ماہ 46 ارب 96 كروڑ روپے كی الیكٹریكل مشینری بھی درآمد ہوئی۔
جاری كردہ اعدادوشمار كے مطابق گزشتہ ماہ 20 ارب 23 كروڑ روپے كا آئرن اور اسٹیل اسكریپ درآمد كیا گیا، جب كہ26 ارب 47 كروڑ روپے كا گزشتہ ماہ پاک آئل بھی درآمد ہوا۔