اداکار وکیل فاروقی دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے

0
220

کراچی:

پاکستان ٹیلی ویژن اور اسٹیج کے سینئر اداکار، رائٹر اور ڈائریکٹر وکیل فاروقی دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق وکیل فاروقی کی گزشتہ رات آرٹس کونسل سے واپسی پر راستے میں طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد انہیں فوری طبی امداد کے لیئے ملیر کے نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جاملے۔

وکیل فاروقی نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 1967ء میں ریڈیو پاکستان کراچی کے ڈراموں سے کیا تھا جبکہ ان کے ٹیلی وژن کے ڈراموں میں عید ٹرین، آخری چٹان، محمدبن قاسم، برزخ، عروسہ، صبح سویرے، ہیلو ہیلو، آبلہ پاء، تعلیمِ بالغاں، سحر ہونے تک، ۔شمع، باادب با ملاحظہ ہوشیار، ہفت آسماں، خودغرض سمیت 50 سے زائد ڈرامے شامل ہیں۔

 

انہوں نے ٹی وی ڈرامہ سریل آخری چٹان میں چنگیز خان کے بیٹے جوجی کا مشہور کردارادا کیا تھا۔ وکیل فاروقی نے دو درجن سے زائد اسٹیج ڈراموں  میں بطور مصنف و ہدایتکار خدمات سرانجام دیں ساتھ ہی انہوں بطور مصنف و ہدایت کار کلاسک ٹیلی فلم مرزا غالب بنائی جبکہ ’محبت زندہ رہے گی‘ ان کی زیر تکمیل ٹیلی فلم ہے۔

وکیل فارقی کی عمر 73 سال تھی، مرحوم نے ورثاء میں دو بھائی اور ایک بہن کو سوگوار چھوڑا، وکیل فاروقی غیر شادی شدہ تھے ان کی نماز جنازہ عمرہ پر گئے اہل خانہ کی وطن واپسی پر ادا کی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here