پشاور:
صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کابینہ میں آئندہ ہفتے توسیع اورردوبدل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے پشاورپریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ کابینہ میں قبائلی اضلاع کو بھی نمائندگی دی جارہی ہے، ایک ہفتے میں کابینہ میں تبدیلیاں نظر آئیں گی، نئے وزراء اور مشیر بھی شامل ہوں گے اور چند وزارء کے محکموں کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیر اعلی کا اختیار ہے وہ محکموں میں تبدیلی کریں، ان کے پاس محکمے زیادہ ہیں اس لیے اپنے محکمے وزراء کو بھی دے رہے ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے آئی جی کی تبدیلی کے حوالے سے کہا کہ یہ وزیر اعلی اور وزیراعظم کی سطح کے فیصلے ہیں، ڈالر کی قیمت کو گزشتہ حکومت نے مصنوعی طورپربرقراررکھا جس سے معیشت کو نقصان ہوا، اب معیشت مستحکم ہورہی ہے، ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی ہے لیکن حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں، بلین ٹری منصوبے پر نیب تحقیقات کرے یا ایف آئی اے، ہم ہر ادارے کی تحقیقات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔