نیو یارک:
نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ تباہ ہونے والے یوکرینی طیارہ 2 ایرانی میزائلوں کا نشانہ بنا۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز یوکرین طیارہ حادثے کی نئی ویڈیو منظرعام پر لے آیا اور اپنی رپورٹ میں اخبار نے انکشاف کیا کہ تباہ ہونے والا یوکرینی طیارہ 2 ایرانی میزائلوں کا نشانہ بنا جب کہ دونوں میزائل جہاز سے 8 میل کے فاصلے پر ایرانی ملٹری کیمپ سے داغے گئے۔
نیو یارک ٹائمز کی جانب سے جاری کردہ میبنہ سیکیورٹی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یوکرینی طیارے پر 30 سیکنڈز میں 2 میزائل داغے گئے، پہلا میزائل طیارے کو گرانے میں کامیاب نہ ہوسکا لیکن چند سیکنڈز بعد ہی داغے گئے دوسرے میزائل نے طیارے کو نشانہ بنایا۔
امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل کے نتیجے میں یوکرینی طیارے کے پائلٹس ہلاک ہوئے، طیارے کے کاک پٹ میں میزائل لگنے سے پائلٹس فوری طور پر ہلاک ہوگئے۔
واضح رہے یوکرین طیارہ حادثے میں 176 افراد سوار تھے جس میں 63 کینیڈین شہری بھی سوار تھے، حادثے کے نتیجے میں تمام مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔ بعد ازاں ایران نے طیارہ مارگرانے کا اعتراف کرتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔