اسلام آباد / کراچی:
وزیراعظم عمران خان شہر قائد میں قیام کے دوران اپنی ایک ناراض اتحادی جماعت جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا سے ملاقات کریں گے جب کہ دوسری پارٹی ایم کیو ایم کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم پیر کے روز ایک روزہ دورہ کراچی کے دوران کئی اہم تقاریب میں شرکت کے علاوہ دیگر معاملات پر بھی اہم مشاورت کریں گے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان آئی جی سندھ سے متعلق معاملے کو منطقی انجام پر پہنچائیں گے۔ اس کے علاوہ گورنرہاؤس کراچی ہی میں پیرپگارا سے ملاقات بھی کریں گے۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم کو نظرانداز کردیا گیا ہے، کراچی میں قیام کے دوران وزیر اعظم سے متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت سے ملاقات طے نہیں، اس کی تصدیق ایم کیو ایم کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔
ایم کیوایم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی خواہش ہے کہ وزیر اعظم بہادر آباد آئیں اور ایم کیوایم قیادت نے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں بھی اس خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ایم کیوایم پاکستان کے معاملات وزیراعظم کی کمیٹی دیکھ رہی ہے۔ جلد ہی معاملات طے ہونے کے بعد ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اسلام آباد میں ہی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔