لاہور / کراچی:
پی ایس ایل 5 کا شائقین میں جوش وخروش بڑھنے لگا، گذشتہ روز آفیشل ترانہ ’’تیار ہیں‘‘ ریلیز کردیا گیا، تقریب میں اسٹار کرکٹرز شاداب خان، احمد شہزاد، شان مسعود، حسن علی اور چیئرمین احسان مانی سمیت پی سی بی عہدیداروں نے شرکت کی۔
پی ایس ایل سیزن 5میں اب ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا، ایونٹ کے حوالے سے شائقین کا جوش وخروش بڑھنے لگا ہے، گذشتہ شب ترانہ ’’تیار ہیں‘‘ ریلیز کردیا گیا، تقریب میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی و دیگر عہدیداروں، اسٹار کرکٹرز اور شوبز سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
پی ایس ایل کے آفیشل ترانے پر فاسٹ بولر حسن علی نے بھنگڑا بھی ڈالا جس سے تقریب میں موجود مہمان خوب لطف اندوز ہوئے، ترانے کے گائیک علی عظمت، عارف لوہار، ہارون اور عاصم نے کہاکہ سب نے بڑی محنت کی، یہ ترانہ پورے پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے۔
تقریب میں شرکت کرنے والے کرکٹرز حسن علی، شاداب ، شان مسعود اور احمد شہزاد نے کہا کہ حقیقی معنوں میں پی ایس ایل اب شروع ہوگی کیونکہ یہ اپنے ملک میں ہورہی ہے، یہ ترانہ ماضی کے ترانوں سے بہت اچھا ہے۔
دوسری جانب کراچی سمیت کئی شہروں میں ٹکٹوں کی کاؤنٹرز پر فروخت کا آغاز ہوگیا، نجی کوریئرکمپنی کی 110 برانچز پر ٹکٹ رکھے گئے ہیں، کراچی میں سب سے زیادہ 26مراکز پر ٹکٹ فروخت کیے جا رہے ہیں،ایک قومی شناختی کارڈ پرزیادہ سے زیادہ 7ٹکٹ حاصل کیے جا سکتے ہیں، کم سے کم ٹکٹ کی قیمت 250، زیادہ سے زیادہ 6ہزارروپے ہے،آن لائن خریدے جانے والے ٹکٹوں کی فراہمی یکم فروری سے شروع ہو گی، ٹکٹ مخصوص ایکسپریس برانچز پر دستیاب ہونگے۔ اسی روزآن لائن ٹکٹوں کی ہوم ڈیلیوری کا بھی آغاز ہوگا۔
گذشتہ روز کراچی میں فروخت شروع ہوئی تو افتتاحی تقریب کے 500اور بیشتر میچز کے 250 اور 500 والے ٹکٹ ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئے، لاہور میں بھی یہی صورتحال نظر آئی،ملک کے مختلف شہروں میں علی الصبح کوریئر کمپنی کے سینٹرز پر پہنچ جانے والے سستے ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، دیگر کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔