پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی سربراہی اقبال قاسم کے سپرد

0
165

لاہور:

پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی سربراہی اقبال قاسم کو سونپ دی گئی۔

پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا کام قومی ٹیموں کی کارکردگی، ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر، ہائی پرفارمنس سینٹرز اور پلیئنگ کنڈیشنزجیسے امور پر تجاویز تیار کرکے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو پیش کرنا ہے، کمیٹی کوچ، کپتان سمیت متعلقہ فرد کی کارکردگی پر بات چیت کیلیے اجلاس میں طلب کرسکتی ہے۔

محسن خان کی زیرسربراہی قائم کردہ کمیٹی عملی طور پر زیادہ فعال نظر نہیں آئی تھی جس کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر نے استعفٰی دیدیا، عبوری طور پر اس کی کمان پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے سنبھالی،اس دوران مصباح الحق کو ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مقرر کرنے، سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانے اور ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلی سمیت کئی اہم فیصلے بھی ہوگئے۔

 

بعد ازاں وسیم خان اس عہدے سے دستبردار ہوئے اور کسی سابق کرکٹر کو ذمہ داری سونپنے کا اعلان کیا گیا، گذشتہ روز اقبال قاسم کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا،دیگر اراکین میں وسیم اکرم اور عروج ممتاز کو برقرار رکھا گیا، عمر گل اور علی نقوی کی بھی انٹری ہوگئی،ان 5 اراکین کے ساتھ سی ای او وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان بھی کمیٹی اجلاس میں بطور کو ممبر شرکت کریں گے.

یاد رہے کہ اقبال قاسم نے پاکستان کی جانب سے 50 ٹیسٹ اور 15 ایک روزہ میچز میں بالترتیب 171 اور 12 وکٹیں حاصل کیں، وہ اس سے قبل بھی پی سی بی میں قومی ٹیم کے منیجراورچیف سلیکٹر کے طور پر کام کرچکے ہیں۔

دوسری جانب علی نقوی نے5 ٹیسٹ کھیلے اور اس وقت پی سی بی میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل کا حصہ ہیں، عمرگل نے ابھی تک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا۔

دریں اثنا چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ مکمل طور پر آزاد کمیٹی انتہائی تجربہ کار اور کرکٹ کے علم سے مالامال اراکین سے مزین ہے، اقبال قاسم نے کہاکہ اہم ذمہ داری سونپنے پر پی سی بی کا مشکور ہوں، بہترین نتائج دینے کی کوشش کروں گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here