ڈھاکا:
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے معاوضوں کے نئے سسٹم سے سینئر وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم کے وارے نیارے ہوگئے۔
بی سی بی نے حال ہی میں کھلاڑیوں کو وائٹ اور ریڈ بال کنٹریکٹ دینے کا اعلان کیا تھا اس کے ساتھ ہی ایک پوائنٹس سسٹم بھی متعارف کرایا تھا جوکہ 2017 سے اب تک کھیلے جانے والے میچز میں شرکت کے حوالے سے تھا، اس دوران سب سے زیادہ پوائنٹس مشفیق کو حاصل ہوئے، اس لیے انھیں سب سے زیادہ 6 لاکھ 20 ہزار ٹکا ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا۔ تمیم اقبال اور محمود اللہ 6، 6 لاکھ ٹکا ماہانہ وصول کریں گے۔
معاوضوں کے گذشتہ سسٹم کے تحت یہ تینوں پلیئرز 4، 4 لاکھ ٹکا ماہانہ معاوضہ وصول کرتے تھے۔ بی سی بی پہلے ہی ٹیسٹ میچ فیس بھی ساڑھے 3 لاکھ ٹکا سے بڑھا کر 6 لاکھ ٹکا کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔