واشنگٹن/ انقرہ:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے شام میں بشار الاسد حکومت کی حمایت ترک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فون پر ترک صدر طیب اردوان سے مشرق وسطیٰ بالخصوص شام میں کشیدہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے روسی فضائیہ کی بشارالاسد حکومت کے لیے کی گئی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
ترک صدر نے کرد جنگجوؤں کے خلاف شام میں اپنی فوجی کارروائیوں اور اس دوران بشار الاسد حکومت کی کردوں کی حمایت اور روس کی بشار الاسد حکومت کی معاونت سے متعلق حقائق سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر امریکی صدر نے کہا کہ پائیدار امن کے لیے روس کو شام میں بشارالاسد کی حمایت کو ختم کرنا ہوگا جس کی ترک صدر طیب اردوان نے بھی مکمل حمایت کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس حوالے سے روس سے بھی رابطہ کرنے اور شام میں خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے سیاسی حل کی حمایت پر بھی اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ راس العین سمیر کئی علاقوں میں ترک فوجی کرد جنگجوؤں کیخلاف کارروائی کررہے ہیں جہاں انہیں شامی دستوں اور روسی فضائیہ کی جانب سے کردوں کی حمایت میں مزاحمت کا سامنا ہے اور ان جھڑہوں میں ترک فوج کا جانی نقصان بھی ہوا ہے۔