ممبئی:
بھارتی اداکار ہریتھک روشن نے ہکلاہٹ کے شکار پاکستانی طالب علم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اپنے مقصد سے پیچھے نہ ہٹنے کی تلقین کی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی لڑکی نے لکھا کہ ان کے کزن اٹک اٹک کر بولتے ہیں اور یونی ورسٹی میں ایک پریزینٹیشن کے دوران لیکچرار نے کہا کہ اگر تم ٹھیک سے نہیں بول سکتے تو پڑھائی چھوڑ دینی چاہیے، لڑکی نے لکھا کہ لیکچرار کے اس رویہ کے بعد سے ان کا کزن ڈپریشن میں مبتلا ہے اور اپنے آپ کو کمرے میں بند کیا ہوا ہے۔
پاکستانی لڑکی کی ٹوئٹ پر بھارتی اداکار ہریتھک روشن نے لکھا کہ اپنے کزن سے کہو کہ لکچرار اور ان کے مشورے کا کزن کی ہکلاہٹ سے کوئی تعلق نہیں، اٹک اٹک کر بولنا کچھ بڑا کرنے سے آپ کے کزن کو نہیں روک سکتا۔
ہریتھک روشن نے پاکستانی لڑکی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کزن کو بتائیں کہ اس میں ان کا کوئی قصور نہیں اور نہ ہی ان کو اس میں شرم محسوس کرنی چاییے، تاہم جو لوگ انہیں شرم دلاتے ہیں وہ خود دماغ سے خالی ہیں۔