کرکٹ کا بخار

0
310
مفتی عبدالرحمن قمر
مفتی عبدالرحمن قمر

مفتی عبدالرحمن قمر،نیویارک

جی ہاں آج کل ٹی وی کھولیں تو اناﺅنسر کہتا ہے اس وقت کرکٹ کا بخار عروج پر ہے، نظر بھی آتا ہے اگرچہ گھر میں فاقے ہیں، اپنا پیٹ بھی خالی ہے مگر دو ہزار تین ہزار کی ٹکٹ لے کر ٹی وی پر آکر اپنی ٹکٹوں کی نمائش کرتے ہیں۔ ویسے تو کسی کو بخار چڑھ جائے تو بھاگتے ہیں چیک کراتے ہیں کہیں ڈینگی تو نہیں کوئی خطرناک وائرس تو نہیں، مگر حیرت ہے کرکٹ کا بخار عروج پر ہے کسی کو کوئی فکر نہیں۔
اگرچہ کھلاڑی ڈرگ لے کر کھیلیں میچ بیچ دیں، اپنی باﺅلنگ بیچ دیں، بلا بیچ دیں، میچ فکس کر لیں کچھ بھی کر لیں مگر بخار اُترنے کا نام ہی نہیں لے رہا؟ بھلا ہو کرکٹ کے ان داتاﺅں کا کہ انہوں نے ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی نکال دیا۔ وگرنہ پانچ پانچ دن کھیلتے میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہو جاتا۔
ماں بہن بیٹی کا تقدس پامال کرنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی ہر ٹیم کےساتھ ایک خواتین کا طائفہ ہوتا ہے جو چوکے چھکے پر ناچ کا مظاہرہ کرتی ہیں یقیناً ماں باپ ہی کی اولاد ہوگی۔ پتہ نہیں کیوں ماں باپ نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ کمیونٹی لیڈرز کو بھی اس بخار کو اُتارنے کی کوئی فکر نہیں بلکہ اور چڑھانے کی فکر میں ہیں۔
ہماری پہچان کسی زمانے میں کُشتی تھی، کبڈی تھی، اب بھی ہے مگر بہت کم ہاکی میں پاکستان کا عروج تھا، بڑا باوقار کھیل تھا، مگر نجانے کیوں کاریگر لوگوں نے ہماری نئی نسل کا رخ ہی موڑ دیا ہے، آئے دن سکینڈل بنتے ہیں کلبوں میں بے ہوشی کی حالت میں باہر نکالا جاتا ہے۔
گزرے زمانے میں ایک پہلوان سے میں نے پوچھا، اتنا زور سے کس کر کیوں لنگوٹا باندھتے ہو کہنے لگا مجھے میرے خلیفہ نے کہا تھا بیٹا جس دن تم نے اپنے وجود سے غلط کام لیا، تمہاری پہلوانی جاتی رہے گی، بیوی کے علاوہ کسی عورت کی طرف نہیں دیکھنا، بات سمجھ میں آتی ہے سرکار دو عالمﷺ کے خاندان میں ایک رکانہ نامی پہلوان تھا۔ بڑا زور آور اور کسی کے قابو میں نہ تھا۔ آپﷺ نے اس کو اسلام کی دعوت دی اس نے کہا اگر آپﷺ کُشتی میں مجھے ہرا دیں تو میں اسلام قبول کر لونگا، سرکار دو عالمﷺ نے چیلنج قبول کر لیا، ہتھ جوری ہوئی سرکارﷺ نے اُٹھا کر زمین پر رکھ دیا، دوبارہ کُشتی ہوئی آپﷺ نے اٹھایا زمین پر رکھ دیا اس نے کہا ایک موقع اور دےدیجئے سرکارﷺ نے تیسری مرتبہ بھی گرا دیا حسب وعدہ مسلمان ہو گیا، یہ ہوتا ہے کھیل جو ہم کھیل رہے ہیں شیطان کی نمائندگی کر رہے ہیں اس کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں اپنی عزت کی قیمت پر اے عقل مندو ارباب اختیار آگے بڑھو اور بخار کا علاج کرو کرکٹ کا بخار بھی وائرس سے کم نہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here