اسلام آباد:
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کھاریاں کے قریب تربیتی علاقے کا دورہ کیا اور وہاں جاری انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ کے مقابلوں کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان مقابلوں میں کراچی کور نے پہلی، ملتان کور نے دوسری اور راولپنڈی کورنے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ترکی نے بین الاقوامی ٹیموں میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ سعودی عرب، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کو سلور میڈلز دیئے گئے۔ پاک فضائیہ کی ٹیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ ایسے مقابلوں اور بہترین تجربوں کے تبادلے سے لڑنے کی مہارت بہتر ہو گی،ایسے مقابلوں سے شریک ملکوں کی افواج کو جوڑنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مقابلے کی کامیاب تکمیل پر شرکاء کو مبارکباد بھی دی۔انہوں نے کہا کہ تربیت اور ٹیم ورک ہر سپاہی کا درپیش چیلنجز میں طرہ امتیاز ہوتا ہے۔