اسلام آباد:
صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ مریض، معمر اور کم عمر افراد نماز جمعہ کے لیے آج مسجد نہ جائیں اور گھر پر نماز پڑھیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عوام سے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر نماز جمعہ کے اجتماعات میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کردی۔ عارف علوی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ نبی پاکﷺ نے فرمایا کہ بیمار اور تندرست لوگوں کو قریبی میل جول سے اجتناب کرنا چاہیئے۔ نماز جمعہ کے لئے حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور ان باتوں کا خیال رکھیں۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ جن لوگوں کو کھانسی، بخار اور زکام ہے یا وہ دمے کے مریض ہیں، اور وہ لوگ جو بزرگ یا کم عمر ہیں انہیں چاہیے کہ گھر پر نماز پڑھیں۔ عارف علوی نے مساجد جانے والے شہریوں سے کہا کہ مسجد کی بجائے وضو گھر پر کریں اور 20 سیکنڈ تک صابن سے ہاتھ دھوئیں، اپنے ساتھ جائے نماز یا کوئی کپڑا لے کر جائیں اور سجدے کے دوران سانس روک لیں۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ لوگ ہاتھ ملانے، بغل گیر ہونے اور قریبی میل جول سے گریز کریں، کھانسی اور چھینک کے دوران ٹشو کا استعمال کریں، مسجد سے فرض نماز کے بعد جلد روانہ ہو جائیں۔ سنت اور نوافل نماز گھر پر ادا کریں، آپ اپنا اور دوسروں کا خیال کر رہے ہیں، اس میں بھی انشاللہ ثواب ملے گا اور اللہ تعالیٰ معاف فرمائے گا۔ صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہماری مشکلیں آسان کرے۔ آمین۔