سفر پر پابندیاں، ریزرویشن میں کمی، سیاحوں کی آمد ورفت کی بندش، کاروباری سرگرمیاں ٹھپ
دبئی (پاکستان نیوز)دنیا بھر میں پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس نے فضائی کمپنیوں کے کاروبار کو غیرمعمولی نقصان سے دوچارکیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق خلیجی ممالک کی فضائی کمپنیوں کو متوقع طور پر7 ارب ڈالر خسارے کا سامناکرنا پڑ سکتا ہے۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق فضائی سفر پرپابندیاں، ریزرویشن میں کمی، سیاحوں کی آمد ورفت کی بندش اور کاروباری سرگرمیوں کے ٹھپ ہونے سے فضائی کمپنیوں کو غیرمعمولی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی تمام ایئر لائنز کے ساتھ ساتھ خلیجی فضائی کمپنیوں کو بھی نقصان کاسامنا ہے۔انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے رواں سال کے دوران ہوائی اڈوں پر کورونا وائرس کے اثرات کے بارے میں انتہائی مایوس کن توقعات کا اظہار کیا ہے۔ فضائی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ ان کے ساتھ کام کرنے والے لاکھوں افراد کے بے روز گار ہونے کا اندیشہ ہے۔ صرف خلیجی ممالک کی فضائی کمپنیوں کی بندش سے تین لاکھ 47 ہزار افراد کی ملازمت ختم ہونے کا اندیشہ ہے۔آئی اے ٹی اے کی شائع کردہ معلومات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاو¿ کی وجہ سے جنوری کے آخر سے مشرق وسطی میں 16 ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔