مشاعرے میں شکاگو کے نامور شعراءکے علاوہ کیلیفورنیا اور انڈیا سے بھی شعراءنے شرکت کی
شکاگو(پاکستان نیوز) سخنوران شکاگو کے زیرِ اہتمام ایک کامیاب محفل مشاعرہ ہفتہ 28مارچ 2020، شام 8 بجے منعقد کی گئی۔ شکاگو کی تاریخ میں یہ پہلی آن لائن محفلِ مشاعرہ ہے جس کے انعقاد کا سہرہ شکاگو کے مشہور شاعر عابد رشید کے سر جاتا ہے۔ اس مشاعرے میں شکاگو کے نامور شعراءکے علاوہ کیلیفورنیا اور انڈیا سے بھی شعراءنے شرکت کی۔ مشاعرہ نہایت عمدگی سے بغیر کسی تکنیکی مسئلے کے شروع اور اختتام پزیر ہوا۔ محفل کی صدارت ڈاکٹر توفیق انصاری احمد نے کی۔ محفل کا آغاز عابد رشیدنے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔ محبوب علی خان نے سرکارِ دو عالم صلّی اللہ علیہِ وسلّم کے حضور اپنی لکھی ہوئی نعت کا نذرانہ پیش کیا۔ جن شعراءنے مشاعرے میں شرکت کی ا±ن میں محترم ڈاکٹر توفیق انصاری، محترم حامد امروہی ، محترم ڈاکٹر منیر الزماں منیر، جناب حشمت سہیل ، جناب عابد رشید ،جناب نذر نقوی، محترمہ غوثیہ سلطانہ ، جناب محبوب علی خان ، جناب غلام مصطفی انجم، جناب ندیم شرفی ، جناب ساجد چودھری، محترمہ سیما عابدی، ڈاکٹر افضال الرحمن، کیلیفورنیا سے ڈاکٹر تقی حیدر اور حیدرآباد دکن سے جناب عبدالرحمٰان سلیم کے نام شامل ہیں۔ محفل کا اختتام محترم ڈاکٹر توفیق انصاری احمد کے صدارتی کلمات اور محترم حامد امروہوی کی ایک خوبصورت نعت پر ہوا۔ آن لائن مشاعرہ ایک نیا تجربہ تھا جو نہایت کامیاب رہا۔ کرونا وائرس کے ماحول میں جب ایک حبسِ بیجا اور گھروں میں نظر بندی کا ماحول ہے یہ مشاعرہ ایک تازہ ہوا کا جھونکا اور ایک خوش آیند اقدام تھا۔ شکاگو میں اردو کی بقاءاور فروغ کی اس کوشش کے لئے جناب عابد رشید اور تمام شعراءکرام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اردو انسٹیٹیوٹ شکاگو کے روحِ رواں جناب امین حیدر صاحب نے آن لائن مشاعرہ کی اس کوشش کو سراہا اور نثری نشت کی تجویز پیش کی۔ مزید گفتگو اور باہمی مشورے کے بعد یہ طے پایا کہ ہر ماہ ایک آن لائن نثری نشت بھی منعقد کی جائے گی جس میں شکاگو کے نامور نثر نگاروں کو شرکت کی دعوت دی جائیگی۔ آن لائن محفل مشاعرہ ہر دوسرے ہفتے منعقد کی جائیگی۔ اگلا مشاعرہ انشاءاللہ گیارہ اپریل کو ہوگا۔