راولپنڈی:
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی آفت کے خلاف جنگ میں ہر شہری ہمارے لیے اہم ہے اورقربانی کے جذبے سے سرشار باہمت عوام کی مدد سے اس چیلنج سے نمٹنے میں سرخرو ہوں گے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ تمام کمانڈرز کورونا وائرس سے متاثرہ عوام تک ہر ممکن وسائل فراہم کریں۔ گلگت بلستان، آزاد کشمیر،اندرون سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں تک ہر ممکن امداد پہنچائی جائے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت کے خلاف جنگ میں ہر شہری ہمارے لئے اہم ہے ، با ہمت اور قربانی کے جذبے سے سرشار عوام کی مدد سے اس چیلنج سے نمٹنے میں سرخرو ہوں گے۔
آرمی چیف کی زیر صدارت 231 ویں کور کمانڈرز کانفرنس راولپنڈی میں ہوئی جس میں کور کمانڈرز بذریعہ ویڈیو لنک اپنے ہیڈ کوارٹرز سے کانفرنس میں شریک ہوئے۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے کی جیو سٹرٹیجک صورت حال اور قومی سلامتی کے امور کا جائزہ لیا گیا ۔ کانفرنس میں کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین صورت حال اور سول انتظامیہ کی مدد کیلئے ملک بھر میں پاک فوج کی تعیناتی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ کانفرنس کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا۔