’’تبدیلیوں‘‘ پر ڈٹے رہو، وزیر اعظم کی چیئرمین بورڈ کو ہدایت

0
128

کراچی:

وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین پی سی بی کو ’’تبدیلیوں‘‘ پر ڈٹے رہنے کی ہدایت کر دی۔

کوئٹہ میں گورننگ بورڈ کا اجلاس غیرمعمولی ثابت ہوا اور 5 ارکان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مجوزہ تبدیلیوں اور ایم ڈی وسیم خان کے تقرر پر احتجاج کرتے ہوئے بائیکاٹ کر دیا، انھوں نے اپنی دستخط شدہ قرارداد بھی میڈیا کے سامنے پیش کی جس میں ایم ڈی کی تقرری کو کالعدم قرار دیا گیا تھا، بورڈ نے نامناسب رویے پر میٹنگ کے اگلے روز ایک رکن نعمان بٹ کو معطل کر دیا ۔

اس دوران اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے انھیں میٹنگ کیلیے طلب کر لیا ہے، البتہ پی سی بی ذرائع کا ابتدا سے یہ موقف رہاکہ یہ ملاقات کافی پہلے سے طے تھی، گذشتہ روز قومی ورلڈکپ اسکواڈ نے وزیر اعظم سے ملاقات کی تو وفد میں احسان مانی بھی شامل تھے۔

 

ذرائع نے بتایا کہ واپس جانے سے قبل چیئرمین پی سی بی کی خواہش پر عمران خان نے ان سے اکیلے میں 5 منٹ تک گفتگوکی، اس موقع پر بورڈ کے سرپرست اعلیٰ نے احسان مانی سے کہا کہ وہ ’’تبدیلیوں‘‘ پر ڈٹے رہیں، جو اقدامات کرنے ہیں کریں مکمل حمایت حاصل رہے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بورڈ چیف کسی کی ’’بلیک میلنگ‘‘ میں نہ آنے کا فیصلہ کر چکے اور مجوزہ تبدیلیوں پر عمل درآمد ضرور کریں گے، ’’باغی گروپ‘‘ میں بھی پھوٹ پڑ چکی اور بعض نے اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے اپنے رویے پر پشیمانی ظاہر کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بغیرپڑھے قرارداد پر دستخط کیے، بعد میں اندازہ ہوا کہ ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، بورڈ نے ایک رکن کیخلاف تو ایکشن لے لیا دیگرکو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے، ذرائع نے مزید بتایا کہ نئے ڈومیسٹک سسٹم سے بہت سے افراد کے مفادات کو ضرب پہنچے گی اس لیے وہ احتجاج کریں گے، البتہ حکام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

اسی طرح ایم ڈی وسیم خان کی تقرری کا فیصلہ بھی تبدیل نہیں ہوگا، پی سی بی کے پاس کئی گورننگ بورڈ ارکان کی جانب سے منظوری کی دستخط شدہ دستاویز موجود ہے، امکان یہی ہے کہ معاملہ آئندہ چند روز میں حل ہو جائے گا، بورڈ کئی آپشنز پر غور کر رہا ہے، البتہ ان میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جس سے ’’باغی گروپ‘‘ کے سامنے جھکنے کا تاثر سامنے آئے،وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھرپور سپورٹ نے حکام کے حوصلے مزید توانا کر دیے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here