جزیرہ آئرلینڈ میں جاری سول نافرمانی کی تحریک کے درمیان پُرتشدد مظاہرے کی رپورٹنگ کرنے والی معروف خاتون صحافی کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آئرلینڈ کے شہر لندن ڈیری میں نامعلوم مسلح افراد نے 29 سالہ خاتون صحافی ’لیرا مککی‘ کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ حملہ آوروں کا تعلق ریپبلکن باغیوں سے ہونے کا امکان ہے۔
خاتون صحافی کو اس وقت گولیاں ماری گئیں جب وہ چند شرپسندعناصر کی تخریب کاریوں کی رپورٹنگ کر رہی تھیں، حملہ آوروں نے خاتون صحافی کی مدد کو آنے والی ایمبولینس پر پٹرول بم پھینک کر نذر آتش کر دیا۔
پولیس نے صحافی کے قتل کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دیتے ہوئے آئرش ریپبلکن آرمی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے عوام سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔ آئرش انتہا پسند لندن ڈیری کو صرف ڈیری کہنے پر بضد ہیں جب کہ دیگر لوگ شہر کو پرانے نام لندن ڈیری کہنے پر مصر ہیں۔