بریٹ کروزیئر نے محکمہ دفاع کوخط میں تشویش ظاہر کی تھی وائرس سے اہلکاروں کی زندگیوں کو خطرہ ہے
نیویارک (پاکستان نیوز)امریکہ کے محکمہ دفاع (پینٹاگون) کو بحری بیڑے ”روز ویلٹ“ پر موجود اہلکاروں کو کرونا وائرس سے لاحق خطرات سے متعلق خبردار کرنے پر برطرف کیے جانے والے کپتان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے۔کپتان بریٹ کروزیئر نے محکمہ دفاع کو لکھے گئے خط میں تشویش کا اظہار کیا تھا کہ کرونا وائرس سے بیڑے پر موجود اہلکاروں کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔ اس لیے فوری طور پر مدد کی جائے۔ امریکی اخبار ”نیو یارک ٹائمز“ میں کپتان بریٹ کروزیئر کی کرونا وائرس کی رپورٹ مثبت آنے کی رپورٹ چھاپی گئی ہے۔کپتان میں کرونا وائرس کی تشخیص سے متعلق رپورٹ ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب وزیر دفاع مارک ایسپر نے کروزیئر کی برطرفی کا دفاع کیا تھا۔انہوں نے امریکی ٹی وی ‘اے بی سی’ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی بحریہ کے سیکریٹری تھامس موڈلی کے لیے روز ویلٹ کے کپتان بریٹ کو برطرف کرنا مشکل فیصلہ تھا۔ جو کہ امریکی علاقے گوام میں موجود ہے۔مارک ایسپر سے سوال پوچھا گیا کہ کیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے تھے کہ کپتان بریٹ کو لکھے گئے خط کی پاداش میں برطرف کیا جائے؟ جس کے جواب میں ایسپر کا کہنا تھا کہ یہ سیکریٹری تھامس کا فیصلہ تھا اور میں نے انہیں کہا تھا کہ میں اس فیصلے کی تائید کروں گا۔