خدمت خلق کے جذبے کے تحت ہزاروں ماسک تقسیم کیے گئے،کمیونٹی کا افتخار شریف اور AAPI کے مستحسن اقدام پر زبردست خراج تحسین
شکاگو ( پاکستان نیوز ) شکاگو لینڈ میں کمیونٹی کے نامور بھارتی نژاد رہنما اور سماجی مذہبی و فلاحی خدمات میں مصروف ممتاز شخصیت افتخار شریف نے بھارتی نژاد ڈاکٹرز کی فعال تنظیم امریکن ایسوسی ایشن آف انڈین اور یجن (AAPI) کے اشتراک سے کورونا وائرس کی موجودہ تشویشناک صورت سے نپٹنے کیلئے کک کاو¿نٹی ہسپتال اور امریکہ کے بھارتی نژاد فزیشنز کو ہزاروں ماسک تقسیم کئے۔ انڈین فزیشنز کی تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر سریش ایڈی اور افتخار شریف کے درمیان AAPI کے ہیڈ کوارٹر واقع اوک بروک الی نائے پر N-95 ماسک مفت تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ماسک کی تقسیم کے اس عمل میں بعض مخیر افراد اور اداروں نے بھی اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ اطلاعات کے مطابق اب تک پانچ ہزار سے زائد ماسک کک کاو¿نٹی ہسپتال میں Covid-19 سے بر سرِ پیکار طبی عملے اور مختلف ڈاکٹرز میں تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ مزید ہزاروں ماسک کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ کمیونٹی نے اس نیک اور فلاحی اقدام پر افتخار شریف کو زبردست خراج ِ تحسین پیش کیا ہے اور ان کی کمیونٹی خدمات کو عین انسانیت قرار دیا ہے۔