لاہور:
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی انا چھوڑ دیں تو آج بھی تعاون کے لیے تیار ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’کل تک‘‘ میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے وزیراعظم کو بڑی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان انا چھوڑ دیں تو تعاون کیلئے تیار ہیں، خدارا چاروں صوبوں کو اکٹھا بٹھائیں۔
نیب پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مالم جبہ اور بلین ٹری سونامی پر نیب کہاں ہے، نیب کہتا فیس نہیں کیس دیکھتا ہے توان کے مقدمات کہاں ہیں؟ مجھ پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں، اگر نیب میرے خلاف آمدن سے زائد اثاثے، منی لانڈرنگ یا آدھے دھیلے کی کرپشن بھی ثابت کر دے تو میں قوم سے معافی مانگ کر گھر چلا جاﺅں گا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ن لیگ کی دورحکومت میں ہی نیب و دیگر نے ہمیں بدنام کرنا شروع کیا، عمران خان نے مجھ پر10ارب روپے کی پیشکش کا الزام لگایا، جس کا انہوں نے ثبوت نہیں دیا، وہ55کمپنیاں کہاں ہیں؟ جن کی بنیاد پرکیس بنائے گئے، اپنے دور میں بجلی کے منصوبوں میں 300ارب روپے بچائے، اورنج لائن پاکستان کا پہلامنصوبہ ہے جس میں چین کےساتھ بڈنگ کی، اورنج لائن ٹرین کی بڈنگ میں 80ارب روپے بچائے، اپناروزگاراسکیم کیلیے جاپانی کمپنی سے معاہدے میں پیسے بچائے، (ن) لیگ نے 97 ارب روپے میں 3 میٹرو بنائیں جب کہ ان کی ایک 100 ارب کی ہوگئی ہے۔