اسلامک فاﺅنڈیشن کی جانب سے اشیائے ضرورت کی تقسیم کے پروگرام کا انعقاد

0
303

 

450خاندانوں کو راشن کی تقسیم کے علاوہ ہاروی کی مسجد کیلئے خطیر عطیہ بھی دیا گیا، CIOGC زکوٰة شکاگو اور ویمنز کمیٹی کا اشتراک عمل، نیکی پر یقین و عمل کرنےوالوں کو کمیونٹی کا خراج تحسین

شکاگو(پاکستان نیوز) شکاگو لینڈ میں عوامی خدمت میں ممتاز اہمیت کے حامل ادارے اسلامک فاﺅنڈیشن ولا پارک کے نیکی کےساتھ مثبت عمل کا سلسلہ جاری ہے، فاﺅنڈیشن کی جانب سے 10 مئی بروز اتوار کو ضرورت مند افراد کو بنیادی ضرورت کی اشیاءکی تقسیم کا ایک اور مرحلہ تکمیل کو پہنچا۔ اس عمل میں فاﺅنڈیشن سے شکاگو کے معتمد ادارے CIOGC زکوٰة شکاگو نے بھی ویمنز کمیٹی کے توسط سے تعاون کیا اور متعدد گروسری باکس عطیہ کئے۔ فاﺅنڈیشن کے سربراہ و چیئرمین آفتاب خان، وائس چیئرمین یوسف چودھری، بورڈ اراکین شہلا چودھری، ارشد جاوید، نامور کاروباری شخصیت رانا زاہد حمید و عبدالیعقوب کے علاوہ کمیونیکیشن چیئر شیخ کلیم اور ڈسٹری بیوشن مینجر صادق حسین نے 30 والنٹیئرز کے ہمراہ اس کار خیر کو تکمیل تک پہنچایا۔ اس موقع پر ریاست میں مقیم 450 خاندانوں کو بلا تخصیص مذہب، قومیت، رنگ و نسل، و زبان راشن و غذائی اجناس (بمعہ گوشت) تقسیم کیا گیا جبکہ شہرہاروی (Horvey) کی مسجد کیلئے خطیر عطیہ بھی دیا گیا۔ اس موقع پر اسلامک فاﺅنڈیشن کے منتظمین نے پاکستان نیوز کے بیورو چیف رانا جاوید کو ادارے کے فلاحی و دینی اقدامات کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ فاﺅنڈیشن ریاست میں مقیم ہر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے بلا امتیاز مساویانہ خدمات انجام دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے اہداف کیلئے مخیر سرپرستوں اور تعاون کاروں کا مکمل تعاون حاصل ہے اور الحمد اللہ کمیونٹی نے ہماری خدمات کو شرف قبولیت بخشا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی آئندہ فلاحی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے ریاست کی متمول اور صاحب ثروت شخصیات و اداروں کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے تمام طبقات و حلقوں کو اس نیک مقصد میں حصہ لینے کی دعوت بھی دی۔ واضح رہے کہ اسلامک فاﺅنڈیشن ولاپارک انفرادی افراد و خاندان کی خدمت کے علاوہ ریاست کی دیگر غیر منافع بخش سماجی و فلاحی تنظیموں کی بھی اعانت میں مصروف ہے اور کمیونٹی میں ان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here