چاند رات میں بازاروں میں سناٹا چھایا رہا روایتی رونقیں مندوم رہیں،بیشتر فرزندان توحید نے نماز عید گھروں پر ادا کی
شکاگو(پاکستان نیوز)شکاگو لینڈ، الی نائے میں عیدالفطر کرونا وائرس کی ہولناکیوں اور لاک ڈاﺅن کے باعث دیگر امریکی ریاستوں کی مانند شدید متاثر ہوئی۔رمضان مقدس کی طرح عید کے دن بھی فرزندان توحید نے عید کی نماز گھروں پر ہی پڑھی، تاہم ریاست کی دو مساجد میں ٹکڑیوں میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ یہ فریضہ انجام دیا گیا۔اس بار چاند رات سے ہی عید کی خوشیوں کے رنگ پھیکے اور ماند پڑے رہے امریکہ کے سب سے بڑے بازار دیوان ایونیو پر مکمل سناٹا چھایا رہا۔ریاست کے دیگر شہروں میں بھی بازاروں کا یہی حال رہا۔مٹھائیوں کی خریداری،مہندی، چوڑیوں اور ملبوسات وجیولری کی خریداری کا ہنگامہ بھی کہیں نظر نہ آیا۔عید کے روز بھی لوگ اپنے گھروں میں ہی رہے اور رشتہ داروں، احباب وغیرہ سے ملنے اور آنے جانے سے گریزاں رہے۔ماحول احمد فراز کے مصرعے!اب کے تجدید وفا کا نہیں امکاں جاناں کی تصویر نظر آیا تاہم عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار سوشل میڈیا کے توسط سے زوروں پر نظر آیا۔