لیجنڈ اداکارہ صبیحہ خانم انتقال کرگئیں

0
100

ورجینیا:

ماضی کی مقبول اداکارہ صبیحہ خانم طویل علالت کے بعد امریکا میں انتقال کرگئیں۔

فلموں میں لازوال اداکاری کے جوہر دکھانے والی پاکستان فلم انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ صبیحہ خانم امریکا میں 84 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھیں۔

صبیحہ خانم کا پیدائشی نام مختار بیگم تھا اور وہ 16 اکتوبر 1935 کو گجرات پنجاب میں پیدا ہوئیں۔ ان کے شوہر سنتوش کمار کا اصل نام سید موسیٰ رضا تھا۔ قیام پاکستان کے بعد صبیحہ خانم اور سنتوش کمار کی جوڑی کو فلمی دنیا میں کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔

 

صبیحہ خانم نے50 اور60 کی دہائی میں پاکستانی سنیما پرراج کیا۔ 1980 اور90 کی دہائی میں انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور ڈراموں میں بھی اداکاری کی۔

صبیحہ خانم نے ’تہذیب‘، ’انوکھا‘، ’کنیز‘، ’مکھڑا‘، ’شکوہ‘، ’دیور بھابی‘، ’ایک گناہ‘ اور ’سنگدل‘ جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کی۔ فلموں میں لازوال اداکاری کے سبب انہیں پاکستان کے سب سے بڑے فلم ایوارڈ نگار ایوارڈ اور تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق صبیحہ خانم کا انتقال ہفتے کی صبح ورجینیا میں ہوا۔ وہ کافی عرصے سے گردوں کے عارضے، بلڈ پریشر اور شوگر سمیت کئی بیماریوں میں مبتلا تھیں۔ لیجنڈری اداکارہ کی پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here