صحافی ولی خان بابر کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا، کراچی پولیس چیف

0
120

کراچی:

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ نجی ٹی وی چینل کے کرائم رپورٹر ولی خان بابر کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے بتایا کہ مقتول صحافی ولی خان بابر کے مفرور قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کامران عرف ذیشان عرف شانی کو آج صبح اسلحے سمیت گرفتارکیا گیا۔

کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ولی بابر کو 13 جنوری 2011 میں لیاقت آباد مارکیٹ میں قتل کیا گیا، اس کیس میں 11 ملزمان تھے جن میں سے 4 کو جیل ہوچکی ہے، فیصل موٹا کو 2015 میں گرفتار کیا گیا تھا، فیصل موٹا 5 ٹارگٹ کلر ٹیموں کا فل انچارج تھا اس کو موت کی سزا مل چکی ہے، ملزم کامران عرف ذیشان عرف شانی نے ولی بابر کو گولیاں ماریں، اور اسے بھی عدالت پھانسی کی سزا سنا چکی ہے، قاتل کامران مفرور تھا، جسے حساس ادروں اور ایس آئی یو کی مشترکہ کاروائی میں گرفتار کیا گیا۔

 

غلامی نبی میمن نے بتایا کہ کامران عرف ذیشان عرف شانی نے 2008 میں ایم کیو ایم لندن میں شمولیت اختیار کی تھی، ملزم کو ساوتھ افریقہ سیٹ اپ سے قتل کی ہدایت ملتی تھیں، کامران عرف ذیشان عرف شانی نے ابتدائی بیان میں ولی خان بابر سمیت 4 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، اور بتایا ہے کہ ولی خان بابر کو اے این پی کی وجہ سے مارا گیا، اور اس کو 5  ٹیموں نے مل کر نشانہ بنایا تھا، قتل کے بعد ملزم  پہلے لانڈھی میں رہا اور 5 سال نائن زیرو میں چھپا رہا، اور اب ملزم اپنی فیملی کے ساتھ گلشن معمار میں رہائش پذیر تھا، ولی خان بابر قتل کیس میں 5 گواہوں کو بھی وقتاً فوقتاً قتل کردیا گیا تھا، کیس کے آخری گواہ حیدر علی کو بھی 2012 میں قتل کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر پولیس ٹیم کو مبارکباد پیش کرنے آیا ہوں، وزیر اعلی سندھ نے پولیس ٹیم کے لیے بھی انعام کا اعلان کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here