ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی سے آسٹریلیا بیزار، نیوزی لینڈ تیار

0
382

سڈنی / ویلنگٹن:

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی سے آسٹریلیا بیزار،نیوزی لینڈ تیار ہے، آسٹریلوی بورڈ نے شوپیس ایونٹ کے شیڈول پر انعقاد کو غیرحقیقی قرار دے دیا، چیئرمین ارل ایڈنگز نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں ٹورنامنٹ منعقد کرنا بہت ہی مشکل ہوگا، دوسری جانب نیوزی لینڈ کے وزیر کھیل گرانٹ روبرٹسن نے کہاکہ ہم اپنے ملک میں مقابلے کرا سکتے ہیں مگر حتمی فیصلہ آئی سی سی کوکرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ رواں برس  18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے اس پر غیریقینی کے سائے لہرا رہے ہیں،اس کے مستقبل کا حتمی فیصلہ آئندہ ماہ متوقع ہے، میزبان آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی بھی اس سال میزبانی میں دلچسپی کم ہورہی ہے،اس کی ساری توجہ سال کے آخر میں بھارت سے ہوم سیریز پر مرکوز ہے جس سے اسے300 ملین ڈالر کی آمدنی ہونا ہے۔

اس لیے وہ آئی پی ایل کیلیے ورلڈ کپ کا التوا چاہنے والے بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی ناراض نہیں کرنا چاہتا۔ اب ایک بار پھر کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین  ایرل ایڈنگز کی جانب سے ایونٹ کے وقت پر انعقاد کو غیرحقیقی قرار دیا گیا ہے،انھوں نے کہا کہ اگرچہ ابھی تک باضابطہ طور پر ورلڈ کپ کو ملتوی یا منسوخ نہیں کیا گیا تاہم موجودہ صورتحال میں 16  ٹیموں کو آسٹریلیا میں جمع کرنا غیرحقیقی یا بہت زیادہ مشکل ہے کیونکہ بہت سے ممالک میں بدستور کورونا وائرس پھیل رہا ہے، اس حوالے سے آئی سی سی کی بھی میٹنگز ہورہی ہیں اور صورتحال کے تحت ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے چیف اور کرکٹ آسٹریلیا کے عبوری چیف نک ہوکلے نے کہاکہ مقامی آرگنائزنگ کمیٹی بدستور تیاریوں میں مصروف اور جو بھی فیصلہ آیا اس کیلیے تیار ہوگی۔

 

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے وزیر کھیل گرانٹ روبرٹس نے واضح کیا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کی وجہ سے ان کا ملک ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی کیلیے تیار ہے، آسٹریلیا نے رواں برس کے آغاز میں ویمنز ٹی 20 ایونٹ کی عمدہ میزبانی کی، مجھے یقین ہے کہ تمام کرکٹ شائقین اپنے وقت پر ہی مینز ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلیے بھی پرامید ہوں گے، ہم اپنے ملک میں بھی اس ایونٹ کی میزبانی کرسکتے مگر اس کے بارے میں فیصلہ آئی سی سی نے کرنا ہے۔

فی الحال ہم آئندہ برس ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کیلیے تیاری کررہے  ہیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ فی الحال غیر نیوزی لینڈرز کیلیے سرحدیں بند اور یہاں پر کوئی انٹرنیشنل ایونٹ منعقد نہیں ہورہا،البتہ موسم گرما کے سیزن میں کرکٹ کا آغاز ہوجائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here