ورلڈ کپ اسکواڈز توانا بنانے کیلیے سوچ بچار جاری

0
383

لاہور:

ورلڈکپ اسکواڈز کو توانا بنانے کیلیے سوچ بچار جاری ہے۔

ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی کو انگلینڈ میں ہوگا،شریک ممالک کو 23 اپریل تک اسکواڈز کا اعلان کرنا ہے، انجریز یا کسی اور وجہ سے تبدیلیوں کیلیے آخری تاریخ 23 مئی ہے، ابھی تک صرف نیوزی لینڈ نے اپنے15 کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی اسکواڈ کی رونمائی 15 اپریل کو ہوگی،2 بار کی ورلڈ چیمپئن ٹیم کو نمبر 4 پوزیشن کیلیے موزوں بیٹسمین کا انتخاب کرنا ہے، امباتی رائیڈو، دنیش کارتک، لوکیش راہول اور اجنکیا راہنے دوڑ میں شامل ہیں، آئی پی ایل میں کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا، پاکستان نے 23 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کر رکھا ہے، پاکستان ون ڈے کپ کے ٹاپ فارمز کو بھی زیر غور لانے کا عندیہ دیا گیا۔

 

فٹنس ٹیسٹ میں ناکام کرکٹر صلاحیت ہونے کے باوجود میگا ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ سکتے ہیں، اسکواڈ کے ساتھ2 یا 3 اضافی کھلاڑی بھی ورلڈ کپ سے قبل کاؤنٹی میچز اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران آزمائے جائیں گے، پاکستانی اسکواڈ کا اعلان 18 اپریل کو ہوگا جب کہ اسی روز جنوبی افریقی دستے کی رونمائی بھی کر دی جائے گی۔

پروٹیز نے پاکستان اور سری لنکا کیخلاف سیریز میں نئے ٹیلنٹ کی آزمائش کر لی تھی، ہاشم آملا کی فارم سلیکٹرز کیلیے باعث تشویش ہے، گزشتہ دنوں انجریز سے دوچار رہنے والے جے پال ڈومینی، لنگی نجیدی اور اینرچ نورٹجی کو اسکواڈ کا حصہ بنائے جانے کا امکان روشن ہے، پروٹیزکا ٹریننگ کیمپ 12 مئی سے شروع ہوگا۔

بنگلہ دیشی اسکواڈ کا اعلان ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ختم ہونے پر 15 سے 20 اپریل کے درمیان کے جانے کا امکان ہے، تربیتی کیمپ 24 اپریل سے شروع ہو گا، عالمی نمبرون اور میزبان انگلینڈ کی جانب سے تاحال کوئی تاریخ متعین نہیں کی گئی۔

سلیکٹرز کیلیے سب سے بڑا سوال جوفرا آرچر کی شمولیت ہے،ویسٹ انڈیز میں پیدا ہونے والے بولنگ آل راؤنڈر کو گزشتہ دنوں انگلینڈ کی نمائندگی کا حق حاصل ہو چکا، البتہ ٹی ٹوئنٹی لیگز میں تہلکہ مچانے والے کھلاڑی کو ابھی نئے وطن کی جانب سے کوئی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا، بھارت اور پاکستان کیخلاف مسلسل 8 ون ڈے میچز جیت کر اپنے اعتماد میں بے پناہ اضافہ کرنے والے کینگروز بال ٹمپرنگ میں سزایافتہ ڈیوڈ وارنر اور اسٹیواسمتھ کی آئی پی ایل میں کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہیں، آسٹریلیا کا تربیتی کیمپ مئی کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگا۔

نیوزی لینڈ کیخلاف چند پریکٹس میچز میں شیڈول ہیں،ویسٹ انڈیز کے کئی سپر اسٹارز آئی پی ایل کی مختلف ٹیموں کا حصہ ہے،کرس گیل اور آندرے رسل مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں، میزبان آئرلینڈ اور بنگلہ دیش کے ساتھ سہ ملکی سیریز ٹیم کو تیاریوں کو جانچنے کا اچھا موقع فراہم کرے گی، سری لنکا کی جانب سے بھی اسکواڈ کے اعلان کیلیے کوئی تاریخ نہیں دی گئی، ڈومیسٹک صوبائی ون ڈے کپ11 اپریل کو ختم ہونے کے بعد سلیکٹرز سر جوڑ کر بیٹھیں گے، ٹیم کی کارکردگی میں عدم تسلسل کی وجہ سے کئی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

افغانستان نے ممکنہ 23 کرکٹرز کا اعلان کر رکھا ہے، حیران کن طور پر اصغر افغان کو قیادت سے ہٹا کر گلبدین نائب کو کپتان مقرر کیا گیا، پریکٹس میچز کے بعد اسکواڈ کا اعلان کیا جانا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here