لاہور:
نیب نے شہباز شریف کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیس میں 13 مئی کو طلب کر لیا ہے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو لاہور نیب نے 13 مئی کو طلب کرلیا ہے، نیب کے مطابق شہباز شریف کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیس میں طلب کیا گیا ہے، اور انہیں کمبائن انوسٹیگیشن ٹیم کے سامنے جوابی دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو ایل ڈبلیو ایم سی کے خلاف قانون تشکیل دینے کے سلسلہ میں تحقیقات کے لیے طلب کیا ہے اور ان سے استفسار کیا گیا ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی کا قیام فنانس اور لا ڈیپارٹمنٹ کی آرا کے خلاف عمل میں کیوں لایا گیا، شہباز شریف جواب دیں کہ جب ایک محکمہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ پہلے سے کام کر رہا تھا تو ایل ڈبلیو ایم سی کا قیام کیوں ضروری تھا اور اس کی منظوری کیوں دی گئی۔
شہبازشریف سے پوچھا گیا ہے کہ کیا ایل ڈبلیو ایم سی کی منظوری سے پہلے اس کی منفعت، لاگت اور توازن کے حوالے سے مناسب تحقیق کی گئی، ٹھیکیدار کمپنی آئی ایس ٹیک کو کیوں نیلامی کا عمل مکمل کئے بغیر ٹھیکہ دیا گیا.، مرحلہ وار قانونی پہلووں کو نظر انداز کرنے سے سرکاری خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہوا، شہباز شریف متعلقہ دستاویزات کے ساتھ تمام سوالوں کے جوابات دیں۔