اسلام آباد(پاکستان نیوز ) کنٹرول لائن پر تتہ پانی سیکٹر پر پاک فوج نے بھارت کا جاسوس ڈرون مار گرایا ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹوئٹر پر بتایا بھارتی جاسوس کواڈ کاپٹر پاکستانی حدود میں 850 میٹر اندر آ گیا تھا، آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی کی جانب سے رواں برس بھارت کے 9 ویں اور ایک ماہ میں تیسرے کواڈ کاپٹر کو تباہ کیا گیا ہے۔ خیال رہے پانچ جون کو بھی پاک فوج نے ایل او سی کے خنجر سیکٹر میں بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا تھا، یہ کواڈ کاپٹر 500 میٹر تک پاکستانی حدود میں داخل ہوا تھا، اس سے قبل پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے علاقے رکھ چکری سیکٹر میں 27 مئی کو انڈین ڈرون کو تباہ کیا تھا، یہ پاکستانی حدود میں 650 میٹر تک گھس آیا تھا۔ یاد رہے گزشتہ سال پاک فوج نے بھارت کے 3 ڈرون مار گرائے تھے ، اس میں پہلا کواڈ کاپٹر سال کے پہلے دن یعنی یکم جنوری کو باغ سیکٹر میں گرایا گیا تھا، ایک روز بعد ہی بھارت نے دوبارہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جسے پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے ستوال سیکٹر میں جاسوس ڈرون مار گرایا تھا، فروری میں پلوامہ واقعے کے کے کچھ روز بعد بھارت کا ایک جاسوس ڈرون پاکستانی حدود میں 150 میٹر گھس آیا تھا جسے ایل او سی کے رکھ چکری سیکٹر میں گرادیا گیا تھا۔6 مارچ 2018ئ کو ایل او سی کے مقام چری کوٹ سیکٹر میں پاک فوج نے بھارت کا جاسوس کواڈ کاپٹر مار گرایا تھا۔