اسلام آباد:
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی بھارتی غیر قانونی قبضے سے آزادی تک اس جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
یوم شہدائے کشمیر کی مناسبت سے اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج یوم شہداء کشمیر پر ہم کشمیریوں غیرقانونی اور وحشیانہ بھارتی قبضہ کے خلاف جدوجہد پر سلام پیش کرتے ہیں، 13 جولائی 1931 کے شہدا آج کے کشمیری مزاحمت کاروں کے آباؤ اجداد تھے، ان کی اولاد نے نسل در نسل اپنی آزادی کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کشمیری عوام آبادیاتی انجینئرنگ کے ذریعے ہندوتوا بالادستی کے سامنے بہادری سے لڑ رہے ہیں، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے کھڑا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی بھارتی غیر قانونی قبضے سے آزادی تک پاکستان اس جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، مقبوضہ کشمیر کی بھارتی قبضے سے آزادی کا دن دور نہیں ہے۔
دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے ان 22 غیور نوجوانوں کے جذبے اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے 13 جولائی 1931 کو ڈوگرہ سامراجی قوتوں کو للکارا اور جام شہادت نوش کرتے ہوئے کئی دہائیوں سے جاری “حق خود ارادیت” کی جدوجہد کو پھر سے ترو تازہ کر دیا،”حق خودارادیت” کے اس عظیم مقصد کے حصول کیلئے قربانیوں کا سفر آج تک جاری ہے اور کوئی بھی جبر ان غیور کشمیریوں کے جذبہ ء جانثاری پر غالب نہیں آ سکتا، 13 جولائی 1931 کے شہداء نے جس مقصد کے لیے اپنی جانوں کی عظیم قربانی دی تھی اْس مقصد کو پورا کرنے تک شہدا کا مشن نا مکمل رہے گا، 13 جولائی 1931 کے شہدا کا خون ہمارے اْوپر قرض ہے جس کو چکانا ہمارا فرض ہے