پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایک اور محاذ پر شکست دے کر آئی سی سی اجلاس میں اہم کامیابی حاصل کرلی۔
پی سی بی نے بی سی سی آئی کو ایک اور محاذ پر شکست دے دی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی اجلاس میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے پی ایس ایل 2021 کے ایونٹ کو متاثر ہونے سے بچالیا۔
بورڈ سربراہ احسان مانی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کو فروری مارچ میں کرانے کی تجویز کی مخالفت کی تھی، پی سی بی چیف کی کاوشوں کی بدولت ممبر ممالک نے اجلاس میں بھرپور سپورٹ کرکے احسان مانی کے اصولی مؤقف کی تائید کی، ٹی ٹوئٹی ورلڈ کپ فروری، مارچ 2021 میں ری شیڈول نہ کرنا پی سی بی کے مؤقف کی تصدیق ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر ایونٹ کو فروری، مارچ 2021 میں ری شیڈول کرنے پر غور کیا گیا تھا، تاہم پی سی بی نے پی ایس ایل کے لیے مخصوص ونڈو میں ورلڈکپ ری شیڈول کرنے کی سخت مخالفت کی تھی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ کی یہ کوشش تھی کہ ایونٹ کو فروری، مارچ 2021 میں ری شیڈول کیا جائے لیکن ان کی یہ کوشش پی سی بی نے ناکام بناکر اپنی بات منوالی جب کہ ایونٹ ری شیڈول ہونے سے پی ایس ایل کا انعقاد خطرے میں پڑ جانا تھا۔
اس سے قبل آئی سی سی بورڈ کے چند اراکین احسان مانی کو چیئرمین شپ کی پیشکش بھی کرچکے ہیں اور اب ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کی ری شیڈولنگ سے اس بات کو مزید تقویت ملی ہے کہ آئی سی سی میں پی سی بی کی ساکھ بہتر ہوئی ہے۔