راولپنڈی:
تھانہ چونترہ کےعلاقے میں خواتین اوربچوں کےقتل میں ملوث 2 مرکزی اور 4 نامزد ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق راولپنڈی تھانہ چونترہ کےعلاقے میں خواتین اوربچیوں کےقتل میں ملوث سفاک درندوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور پولیس نے اب تک 2 مرکزی ملزمان سمیت 4 مزید نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
سی پی او احسن یونس کے مطابق گرفتارمرکزی ملزمان میں گروپ کے سربراہ رب نواز کے دو بیٹے دانش اور اکرام شامل ہیں، گرفتار مرکزی ملزم دانش نے ابتدائی تفتیش خواتین اور بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کر تے ہوئے بتایا ہے کہ اپنی ماں کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے اپنے باپ، بھائی اور دیگر ساتھیوں کی مدد سے خواتین اور بچیوں کو قتل کیا۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: راولپنڈی میں خواتین اوربچیوں سمیت 9 افراد قتل
سی پی او نے بتایا ہے کہ مقدمے میں نامزد رب نواز کے بھائی اشرف اور بھتیجے عاقب سمیت 6 مزید ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، باقی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سی پی او احسن یونس کا کہنا ہے کہ كوئی ملزم قانون کی گرفت سے نہيں بچ سكتا، سفاکیت کا مظاہرہ کرنے والے تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تھانہ چونترہ كے علاقے ميں خواتين اور بچوں كے قتل كا اندوہناک واقعہ پيش آيا تھا جس میں خواتین اور بچیوں سمیت 9 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا، واقعے کا مقدمہ تھانہ چونترہ میں درج کیا گیا تھا جس میں دہشت گردی ايكٹ، قتل، اقدام قتل اور ديگر دفعات شامل کی گئی تھیں