نئی دہلی:
بھارت کے عالمی شہرت یافتہ اداکار امیتابھ بچن کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد انہیں اسپتال سے رخصت دیدی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں بھارت کے ممتاز اداکار امیتابھ بچن نے اپنی طبیعت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ کووڈ-19 کا ٹیسٹ کا منفی آیا جس کے بعد اسپتال گھر منتقل ہوگیا ہوں اور یہ سب آپ لوگوں کی دعاؤں کی وجہ سے ہوا جس پر آپ کا سب کا شکرگزار ہوں۔
امیتابھ بچن نے اپنی ٹویٹ میں اسپتال کے عملے اور معالجین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم ہونے کی وجہ سے ہی آج میں صحت یاب ہوسکا ہوں اور اب گھر میں بھی کچھ دن آرام کروں گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں : امیتابھ بچن کے بعد ابھیشیک، ایشوریا اور بیٹی آرادھیا بھی کورونا وائرس کا شکار
امیتابھ بچن کو کورونا وائرس مثبت آنے پر 11 جولائی کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اُن کے ساتھ بیٹے ابھیشک بچن، بہو ایشوریا رائے اور پوتی آرادھیا بچن میں بھی کووڈ-19 کی تصدیق ہوئی تھی اور بچن خاندان اسپتال میں زیر علاج تھا۔
ایشوریا رائے کو چند روز قبل ہی کورونا وائرس منفی ہونے پر اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا اور آج امیتابھ بچن بھی صحت یاب ہوکر گھر منتقل ہوگئے ہیں تاہم ابھیشک بچن تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔