کراچی:
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 2041 ڈالر اور ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 128700 روپے ہوگئی ہے۔
امریکا میں انتخابات تک چین کے ساتھ تجارتی وسفارتی کشمکش میں کمی کا امکان معدوم ہونے، عالمی سطح پر ڈالر کی گرتی ہوئی قدر کے علاوہ عالمی سطح پرکورونا وباء سے دنیا بھر کی معیشت کے سنبھلنے میں مشکلات کے باعث سونے میں سرمایہ کاری زور پکڑ گئی ہے جس سے بدھ کو سونے کی عالمی ومقامی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت یکدم 130 ڈالر بڑھ کر 2041 ڈالر کی تاریخ ساز سطح پر پہنچ گئی ہے جب کہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 4800 روپے اور 4116 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 128700روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 110340روپےکی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت اب بھی 1000روپے کم ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ پیداوار میں جمود اور مہنگائی میں اضافہ کے ساتھ عالمی کساد بازاری بھی سونے کی اہمیت کو بڑھارہی ہے۔ سونے کے ساتھ فی تولہ چاندی کی قیمت بھی یکدم 130روپے کے اضافے سے 1630روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 111روپے کے اضافے سے 1397روپے 46پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔