کراچی:
اداکارہ عائشہ عمر کا کہنا ہے کہ دماغی صحت بہتر رکھنے کے لئے روز قاری عبد الباسط کی آواز میں سورۃ الرحمٰن کی تلاوت سنتی ہوں۔
عائشہ عمر نے اپنے یوٹیوب چینل پر روز مرہ مصروفیات کے حوالے سے مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ویسے تو میں روز بہت سے کام کرتی ہوں لیکن سورۃ الرحمٰن کی تلاوت سننا میرا مستقل معمول ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شائد ایک ہی دن ایسا ہوا جب میں سورۃ الرحمٰن نہیں سن سکی لیکن کوشش کرتی ہوں کہ قاری عبدالباسط کی آواز میں پڑھی جانے والی سورہ کی تلاوت روز سنوں۔ کیوں کہ جب بھی میں اُن کی آواز میں یہ تلاوت سنتی ہوں تو مجھے بہت سکون سا محسوس ہوتا ہے۔ اور اگر منفی سوچ یا ذہنی تناؤ محسوس کرتی ہوں تب بھی یہ سورہ سنتی ہوں۔
عائشہ عمر نے یہ بھی کہا کہ دماغی صحت بہتر رکھنے کے لئے تنہا رہتی ہوں اور سورۃ الرحمٰن کی تلاوت کے ساتھ ساتھ پانچ وقت کی نماز بھی پڑھتی ہوں اس سے نہ صرف سکون سا ملتا ہے بلکہ آپ اپنے رب کے قریب تر ہو جاتے ہیں۔