ماضی میں زیادتی کے مجرموں کو سرعام پھانسی دیتے تو آج کوئی جرات نہ کرتا، فواد چوہدری

0
728

اسلام آباد:

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ زیادتی کے سابقہ واقعات میں ملزمان کو سرعام پھانسی دی جاتی تو مستقبل میں کوئی جرات نہ کرتا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ موٹروے واقعہ نے سب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، عوام چاہتے ہیں کہ ملزمان کو سرعام پھانسی دی جائے، عوام کے غصہ میں اضافہ تب ہوتا جب ایسے واقعات پے درپے ہورہے ہوں لیکن افسوس اس طرح کے تمام واقعات پر ہم کچھ دن ماتم کرتے ہیں اور پھر اگلے واقعہ کا انتظار کرتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ زینب کیس کے مجرم کو پھانسی دی گئی، پھانسیاں دینے سے معاملہ حل ہوتا تو معاملہ آسان تھا ، تاہم زیادتی کے تمام سابقہ واقعات میں ملزمان کو سرعام پھانسی دی جاتی تو مستقبل میں کوئی جرات نہ کرتا، ہر سال پانچ ہزار اوسط زنا بالجبر کے کیسز سامنے آرہے ہیں، نادرا اور موبائل فون ڈیٹا کو استعمال کریں تو زنا بالجبر کے کیسز میں کمی آئے گی، ہمارے نظام انصاف میں اصلاحات کی ضرورت ہے، ایسے کیسز میں دباوٴ سے صلح نہیں ہونی چاہیے۔

 

اسلام آباد ایشیا کا مکمل الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ رکھنے والا پہلا شہر ہوگا
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور سی ڈی اے کے درمیان الیکٹرک بسوں کے حوالے سے معاہدہ کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 10 سالوں میں 50 فیصد ٹرانسپورٹ الیکٹرانک پر شفٹ ہوگی، اگلے سال کے اندر دو مزید چینی کمپنیاں پاکستان میں مینوفیکچرنگ کے لیے آرہی ہیں، اسلام آباد ایشیا کا مکمل الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ رکھنے والا پہلا شہر ہوگا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا ابتدائی مرحلے میں 30 بسوں کو ڈیزل سے الیکٹرانک پر لارہے ہیں پبلک ٹرانسپورٹ الیکٹرانک ہونے سے 48 ہزار مسافروں کو سہولت میسر آئے گی جس کی بدولت 30 ہزار بیرل سے 51 کروڑ روپے بچائے جاسکیں گے، ہم بہت جلد لڑکیوں کے لئے تھری ویلر کارز متعارف کروارہے ہیں، یہ پبلک ٹرانسپورٹ میں ایک بڑا انقلاب ہوگا۔

نوازشریف فراڈ کرکے بھاگے، عدالت نے بھی تصدیق کی مہر لگا دی
بعد ازاں صحافی نے نوازشریف سے متعلق سوال کیا تو فواد چوہدری نے سابق وزیراعظم سے متعلق عدالتی فیصلے کو خوش آئین قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے قبل ایک تاثر پھیل رہا تھا کہ قانون کمزور لوگوں کے لیے ہے لیکن آج عدالت نے بھی تصدیق کی مہر لگا دی کہ نواز شریف فراڈ کر کے بھاگے ہیں۔

نواز شریف جلد پاکستان میں جیل کے اندر اپنی سزا پوری کرتے دکھائی دیں گے
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کے لیے اب یہ معاملہ برطانوی حکومت کے سامنے رکھنا آسان ہے، جلد نواز شریف پاکستان میں جیل کے اندر اپنی سزا پوری کرتے دکھائی دیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here