کراچی:
سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے نوجوان بیٹسمین حیدرعلی کوتکنیک بہتر بنانے کا مشورہ دے دیا۔
ایک انٹرویو میں محمد حفیظ نے کہاکہ حیدر ایک انتہائی باصلاحیت اور پْراعتماد کھلاڑی ہے، اعلیٰ سطح پر کارکردگی دکھانے کیلیے یہ چیز درکار ہوتی ہے لیکن ابھی انھیں بدستور تکنیک پر بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، اگر ایسا ہوگیا تو وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں طویل عرصے تک ٹک پائیں گے، مجھے امید ہے کہ حیدر اس پر کام کریں گے، جتنی ان کی تکنیک اچھی ہوئی اتنی ہی شاٹ رینج بھی بہتر ہوتی جائے گی۔ میں ان کی کامیابی کیلیے دعاگو ہوں۔
حفیظ نے مزید کہاکہ جب بھی کوئی نوجوان کرکٹر دنیا کے سامنے عمدہ پرفارم کرے تو مجھے بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے، اس سے ہی پاکستان کرکٹ آگے جائے گی، میں زیادہ نوجوان کرکٹرز کو سامنے آتا دیکھنا چاہتا ہوں مگر اس کیلیے ضروری ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے مکمل طور پر تیار ہوکر سامنے آئیں۔