این اے 120 میں ضمنی انتخاب کے دوران ترقیاتی کام کا معاملہ نیب بھجوانے کا اعلان

0
88

لاہور:

معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ 2017 میں نواز شریف کی نااہلی کے بعد این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں کلثوم نواز کی کامیابی کے لیے سرکاری خزانے سے ڈھائی ارب روپے خرچ کئے گئے اور اب یہ معاملہ محکمہ اینٹی کرپشن سے نیب کو بجوایا جارہا ہے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ آج ووٹ کو عزت دو کا نعرہ استعمال کیا جا رہا ہے، اور دھاندلی کو روکنے کیلئے ضمنی الیکشن میں حکومت کی داخل اندازی کو روکا جاتاہے، جب کہ 28 جولائی 2017 کو نواز شریف نااہل قرار پائے، جس کے بعد حلقے میں ضمنی الیکشن ہوا،  مریم نواز نے شاہد خاقان سے مل کر منصوبہ بنایا اور این اے 120 کے انتخاب پر ڈھائی ارب روپے خرچ کیے گئے، قانون کے تحت یہ پیسہ خرچ نہیں ہو سکتا تھا، اس وقت ووٹ کو عزت دو کا نعرہ کہاں تھا۔

شہزاد اکبر نے بتایا کہ این اے 120 میں ضمنی الیکشن آئین کے مطابق ہونا تھا، لیکن چھانگا مانگا کی سیاست کرنے والوں نے دھاندلی کا منصوبہ بنایا، شریف خاندان نے ہمیشہ چھانگا مانگا کی سیاست کو فرورغ دیا، مریم صفدر نے منصوبہ بنایا کہ الیکشن چوری کیا جائِے جس کے لئے انہوں نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ذیلی ایجنسی (ٹیپا) کو استعمال کیا، پہلے کام کیا، پھر ٹینڈر ہوا اور آخر میں ورک آرڈر جاری کیا گیا، اور یہ پیسہ قانون کے تحت  خرچ نہیں ہوا۔

 

معاون خصوصی نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں این 120 کے ضمنی انتخاب میں ڈھائی ارب روپے ٹیکس پیئر کے خرچ کیے گئے، زندگی میں کبھی بھی انہوں نے اپنا مال استعمال نہیں کیا، الیکشن کےدوران ترقیاتی کاموں کیلیےفنڈزکی فراہمی کا ریکارڈ موجود ہے، نیسپاک انجینئرز نے اعتراف کیا کہ ضمنی انتخاب کے دوران حلقے میں کام کیا اینٹی کرپشن پنجاب نے فرانزک شواہد جمع کرلیے ہیں، کیس کی رقم زیادہ ہونے کی وجہ سے معاملہ اینٹی کرپشن سے نیب کو بھجوا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ افسوس ہوتا ہے جب مریم ووٹ کی عزت کی بات کرتی ہیں،اس وقت ووٹ کی عزت کہاں تھی جب میں شور مچاتی رہی کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی، میں نے شواہد کے ساتھ الیکشن کمیشن میں پٹیشنز دائر کیں، ٹیپا سے پوچھنے پر ان کے پاس پیسے کا کوئی حساب کتاب نہیں تھا، حساب لینے کیلئے ٹیپا کے دفتر کا گھیراؤ بھی کیا اور شنوائی نہ ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ بھی گئے، اُس وقت ہماری نہیں سنی گئی۔

واضح رہے کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد ان کے حلقہ این اے 120 پر ضمنی انتخاب ہوا تھا جس میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نواز شریف کی مرحوم اہلیہ کلثوم نواز تھیں، یہ انتخابی مہم مریم نواز نے چلائی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here