اسلام آباد:
وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت مسلسل بہتری کی طرف جارہی ہے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملکی معیشت مسلسل بہتری کی طرف جارہی ہے، برآمدات میں بھی اضافہ ہواہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، وزیراعظم عمران خان بھی مہنگائی کے معاملے پر مطمئن نہیں، وہ غریبوں کا درد رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو اسٹیج پر بیٹھا دیکھ کر بنارسی ٹھگوں کی یاد تازہ ہو جاتی ہے، لینڈ کروزر پر آنے والے غریبوں کی بات کرتے ہیں، پچھلے 40 سال سے یہی لوگ حکومتوں میں رہے لیکن انہوں نے صرف ذاتی کاروبار کو فروغ دیا، ان لوگوں نے جمہوریت کی پیٹ میں چھرا گھونپا ، اپنے احتساب کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اپوزیشن دشمن کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے اور ملک کے خلاف بیانیے کو فروغ دے رہی ہے، انہوں نے اداروں کو لڑانے کی کوشش کی ہے، اپوزیشن کوعلم نہیں کہ وہ کس آگ سے کھیل رہے ہیں، قوم ان سے بدامنی پھیلانے کا حساب لے گی۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ عوام ان کا ساتھ دیں، جن سے آج وہ بغل گیر ہورہے ہیں ان ہی لوگوں نے آپ کے بڑوں کو برا بھلا کہا، یہی لوگ تھے جنہوں نے بے نظیر بھٹو کی تصاویر جہازوں سے پھینکیں، وراثت کی وجہ سے انہیں پارٹی کی قیادت ملی، وہ سندھ کو ذاتی جاگیر سمجھتے ہیں۔ وہ اپنے قد سے بڑی باتیں کررہے ہیں، انہوں نے پولیس میں مجرموں کو بھرتی کیا ، آپ نوکریاں بیچتے تھے اور پیسے لے کر بھرتیاں کرتے تھے، کئی سال سے سندھ پر پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، لوگوں وہاں بھوک کا شکار ہیں، مریم نواز بھی وراثت کی پیداوارہیں، مریم نواز نے خود کو بے نظیر بھٹو سمجھ لیا ہے۔ اپوزیشن الیکشن کو مشکوک کہتی ہے، سندھ میں ان کی حکومت ہے تو کیا وہاں دھاندلی نہیں ہوئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 2 سال پہلے کہا تھا کہ یہ لوگ اکٹھے ہوں گے، پاکستان کوترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ان لوگوں سے نجات ضروری ہے، ہم پہلے بھی اکیلے تھے اور اب بھی اکیلے ہیں، اپوزیشن میں رہ کر ہم نے ان لوگوں کا مقابلہ کیا تھا تو اب کیوں نہیں کریں گے، عوام کو بنارسی ٹھگوں سے نجات دلائیں گے، وہ دن دور نہیں جب یہ جیلوں میں بیٹھے ہوں گے، وزیراعظم کرپشن کے سوا ہر چیز پر بات کرنے کو تیار ہیں ، عمران خان کی قیادت میں خیر کی قوتیں کام کررہی ہیں۔