اسلام آباد:
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے 2 سال تک 150 میگا واٹ اضافی بجلی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کےالیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے150 میگاواٹ اضافی بجلی دینےکی منظوری دی گئی ہے، کے الیکٹرک کو اضافی بجلی 2 سال کے لیے فراہم کی جائے گی جس سے کراچی کے صارفین کو لوڈشیڈنگ میں ریلیف ملے گا۔ جب کہ فاٹا کے لئے ٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی کو ایک ارب 80 کروڑ روپے سبسڈی دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفاق رواں سال 51 لاکھ ٹن گندم خریدے گا جس کی خریداری کےلیے 158ارب روپےکی ضرورت ہوگی۔ جب کہ ایرا کے لیے سعودی عرب کےمنصوبے پر ٹیکس ختم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔