لندن (پاکستان نیوز) پاکستان نے نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانیہ کو خط لکھ دیا۔برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ امور شہزاد اکبر نے 5 اکتوبر کو برطانوی ہوم سیکرٹری پریتی پٹیل کو خط لکھا جس میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کو پاکستان بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔خط میں کہا گیا کہ نواز شریف ملک میں کرپشن کے ذمہ دار ہیں۔نواز شریف کو پاکستان کی جیل سے عارضی طور پر آٹھ ہفتوں کیلئے رہا کیا گیا تھا اور یہ سزا یافتہ مجرم ہیں انہیں پاکستان ڈی پورٹ کیا جائے تاکہ وہ کرپشن پر ملنے والی سزا مکمل کر سکیں۔ نوازشریف کی واپسی کا مطالبہ برطانیہ کے نئے پوسٹ بریگزٹ قوانین کے تناظر میں کیا گیا۔امید ہے برطانوی حکومت کرپشن میں ملوث افراد کی واپسی اور ان کیخلاف کارروائی کرنے میں پاکستان کی معاونت کرے گی۔ خط میں مزید کہا گیا کہ نواز شریف ریاست کو بدنام کرنے کے ذمہ دار ہیں، مجھے یقین ہے آپ بدعنوانی کے ذمہ داروں کو حساب کتاب کرنے کی ہماری کوششوں کے حامی ہوں گے۔خط میں برطانوی وزیر داخلہ سے نواز شریف کو واپس بھیجنے کیلئے اپنے وسیع اختیارات کا استعمال کرنے پر زور دیا گیا۔خط میں پاکستانی عدالت کے نواز شریف کی گرفتاری کے وارنٹ کا بھی حوالہ دیا گیا۔ ایک پاکستانی عہدیدار کے مطابق برطانیہ نے ابھی پاکستانی حکومت کی درخواست کا باضابطہ جواب نہیں دیا۔ ہوم آفس نے اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ اخبار کے مطابق انہوں نے برطانوی حکومت کو لکھے خط کے بارے میں نواز شریف سے تبصرہ کرنے کی درخواست کی تاہم انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔وہ لندن میں ہی موجود اور سیاسی سرگرمیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ عمران حکومت اور عسکری اداروں کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔اخبار کے مطابق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل یوکے کے سربراہ ڈینیل بروس نے کہا برطانوی حکومت کو قانون کی بالادستی کیلئے پاکستان جیسے جمہوری ممالک کیساتھ تعمیری کام کرنا چاہئے۔ یہاں برطانیہ میں رکھے گئے غیر قانونی اثاثے ضبط کرنے اور ان کو واپس کرنے کیلئے بھی کارروائی کی جانی چاہئے تاکہ کرپشن کا نشانہ بننے والوں کو انصاف فراہم کیا جاسکے۔آن لائن کے مطابق برطانیہ میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے سربراہ ڈینیل بروس نے حکومت پاکستان کے مو¿قف کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کرپشن کرنے والے ملزمان کو برطانیہ میں استثنیٰ نہیں ملنا چاہئے ، انہیں وطن واپس بھیجنا چاہئے۔ قانون کی بالادستی کیلئے برطانوی حکومت جمہوری ملک پاکستان سے تعاون کرے۔ انصاف کی فراہمی کیلئے برطانیہ کو ملک میں موجود غیر قانونی اثاثے ضبط اور واپس کرنے چاہیے ، ایسانہ کیا گیا تو برطانیہ کو دنیا بھر میں کرپشن کی جنت کے طورپرجانا جائے گا۔ اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے حکومت کوشش کر سکتی ہے لیکن نواز شریف کو لانا قانونی طور پر مشکل ہو گا، برطانیہ سے مفروروں کو واپس لانے کا کوئی معاہدہ نہیں۔احتساب کا عمل کسی صورت نہیں رکے گا، صرف کرپشن بچانے کیلئے اداروں کیساتھ جنگ کا ماحول بنایا جارہا ہے ،بہت جلد تمام کرپشن زدہ جیلوں میں ہونگے ، کراچی واقعہ سندھ حکومت کی کارستانی لگتی ہے ، بلاول بھٹو اور مریم نواز موروثی سیاست کی پیداوار ہیں،حقیقی اپوزیشن کا وجود ہی نہیں، یہ مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے۔پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے معیشت مسلسل بہتری کی طرف جا رہی ہے ، ایکسپورٹ بڑھ رہی ہیں،ملک میں کاروباری صورتحال معمول پر آ رہی ہے ، بیرون ممالک سے ترسیلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم ملک کی بھلائی کیلئے کام کر رہے ہیں لیکن جب دوسری جانب اپوزیشن کو دیکھتے ہیں تو ایک سٹیج پر دیکھ کر بنارسی ٹھگوں کی یاد آ جاتی ہے ،یہ بہروپیے ملک کو لوٹ کر اپنی دولت باہر منتقل کرتے رہے ، انہی اپوزیشن والوں نے ملک کو کھوکھلا کر دیا،اپوزیشن شر اور وزیراعظم خیر کے بیانیے پر چل رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں ان کے کرپشن زدہ چہرے عوام بھول جائیں،ملک کو انہوں نے بیدردی کیساتھ لوٹا، شہبازشریف کے ملازمین کے اکاﺅنٹ سے اربوں روپے نکل رہے ہیں،چالیس سال سے ملک میں بنارسی ٹھگوں کی حکومت تھی۔ اپوزیشن دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ،بھارتی خبروں اور چینلز پر ان کی تصویریں دکھائی جا رہی ہے ، اپوزیشن کو نہیں علم وہ کس آگ سے کھیل رہے ہیں۔قوم ان سے ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کا بدلہ لے گی۔ تحریک انصاف نے تو اپوزیشن میں بھی رہ کرمقابلہ کیا،اب حکومت ہے ،ان کیساتھ بہتر انداز سے مقابلہ ہوسکتا ہے۔ اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے انہیں منطقی انجام تک پہنچاناہوگا کیونکہ ان کی سیاست ذاتی مفادات کامجموعہ ہے ،آپ باہربیٹھ کر بزدلوں کی طرح تقریرکرتے ہیں لیکن ملک واپس نہیں آنا چاہتے۔ مریم نوازنے خودکوبے نظیر سمجھ لیا،بے نظیرپڑھی لکھی خاتون تھیں، مہنگا لباس اور جوتے پہن کر بے نظیر نہیں بنا جاسکتا۔ انہی کرپشن زدہ سیاستدانوں نے جمہوریت کالبادہ اوڑھ کرکاروبار کیا۔ ن لیگ حکومت کے دوران اس وقت کے وزیراعظم کی ائیر لائن تو منافع میں جاری تھی لیکن قومی ائیر لائن مسلسل خسارے میں رہی۔ بعض لوگوں نے سندھ کو ذاتی جاگیر سمجھ رکھا ہے ، کراچی اور سندھ کا حال ابتر ہے ، پولیس میں کریمنل افراد کو بھرتی کیا گیا ،ان لوگوں نے جمہوریت کی پیٹ میں چھراگھونپا۔