اسٹیبلشمنٹ جعلی حکومت کی حمایت چھوڑ دے آنکھوں پر بٹھائیں گے، فضل الرحمان

0
74

کوئٹہ:

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم  کے سربراہ نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کے خلاف تحریک مزید زور پکڑے گی، اسٹیبلشمنٹ جعلی حکومت کی حمایت چھوڑ دے تو اسے آنکھوں پر بٹھائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے کوئٹہ میں بھی کامیاب جلسے کی صورت میں سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا اور جلسے سے اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

مولانا فضل الرحمان

 

این ایف سی میں تبدیلی نہیں ہونے دیں گے

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 18ویں ترمیم اوراین ایف سی ایورڈ میں تبدیلی نہیں ہونےدیں گے، پی ڈی ایم این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کے حصوں میں کوئی کمی تسلیم نہیں کرے گی، کسی نادیدہ قوت کو عوام کے حق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پہلے بھی کہا تھا ملک ان نااہلوں کے حوالے نہ کرو

انہوں ںے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ ملک ان نااہلوں کے حوالے نہ کرو، جعلی حکمرانوں کے خلاف ہماری تحریک اور زور سے آگے بڑھے گی۔ اس حکومت کے پاس حکمرانی کا قانونی جواز تو پہلے بھی نہیں تھا اور جسٹس فائز عیسی کے ریفرینس کی منسوخی کے فیصلے کے بعد جعلی حکمران اپنا اخلاقی جواز بھی کھو بیٹھے ہیں۔

یہ پاکستان کے ایسے مالک ہیں کہ عوام کو جانور سمجھتے ہیں

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج بھی اسٹیبلشمنٹ جعلی حکومت کی پشت پناہی سے دست بردار ہوجائے تو اسے اپنی آنکھوں پر بٹھانے کے لیے تیار ہیں لیکن عجیب بات ہے کہ میں جرم کروں تو سزائے موت کا حق دار بنوں اور یہ پاکستان کے ایسے مالک ہیں کہ یہ عوام کو جانور سمجھیں اور ان کا خیال ہے کہ ان کے سامنے جو چارہ ڈالیں وہ تسلیم کریں گے تو ہمیں یہ رویہ قبول نہیں ہے۔

ہماری تحریک مزید زور پکڑے گی

انہوں ںے کہا کہ جعلی حکمرانوں کے خلاف ہماری تحریک مزید زور پکڑے گی، این آر او کی ضرورت ہمیں نہیں اب انہیں ہے، عمران خان اب کس بنیاد پر کرسی پر بیٹھے ہوئے ہیں؟

فرانس سے سفارتی تعلقات منسوخ کیے جائیں

انہوں ںے تقریر کے آغاز میں مذمتی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خاکوں کی اشاعت سے امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے، یورپی حکمرانوں کی توہین آمیز رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، فرانس سے سفارتی تعلقات فوری طور پر منسوخ کیے جائیں۔

بلاول بھٹو زرداری
اپوزیشن ایک اسٹیج اور پیج پر ہے!

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن اتحاد کے جلسے سے گلگت بلتستان سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان فوج سمیت ملک کے تمام اداروں کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتے ہیں، ہم  اس کی اجازت نہیں دیں گے، اس لیے چاہتے ہیں کہ ان کا مستقبل میں کوئی سیاسی کردار نہ رہے، پی ڈی ایم کو توڑنے والے خواب دیکھ رہے ہیں، پاکستان کی حکومت ایک طرف اور سلیکٹر دوسری طرف ہے، قدم آگے بڑھانے والے ہیں پیچھے ہٹانے والے نہیں۔

اس وقت سیاست، صحافت اور عدلیہ کچھ بھی آزاد نہیں

بلاول نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا سر کٹ سکتا ہے لیکن جھکے گا نہیں، عوام چاہے جہاں کہ ہوں وہ اپنی جمہوریت لانا چاہتے ہیں، غربت، بے روزگاری، بھوک، بولنے اور سانس لینے کی آزادی چاہتے ہیں، سیاست، صحافت اور عدلیہ کچھ بھی آزاد نہیں، آپ کو یہ حق دلوانے کے لیے سبھی جمہوری جماعت ایک پیج پر ہیں، انہیں ہمارے اسٹیج اور پیج پر آنا ہوگا ورنہ گھر جانا ہوگا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here