لاہور:
پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے شاہین آفریدی کو بولنگ مشین بنا دیا۔
دورہ انگلینڈ، کاؤنٹی کرکٹ اور قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے بعد شاہین آفریدی اب زمبابوے سے سیریز میں بھی شریک ہیں، پیسر کو آرام نہ دیے جانے کے سوال پر کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اسٹرائیک بولرز ہمیشہ ٹیم کی ضرورت ہوتا ہے، شاہین شاہ آفریدی خود بھی چاہتے ہیں کہ تینوں فارمیٹ میں زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیل کر تجربہ حاصل کریں، خوشی کی بات یہ ہے کہ ان کی کارکردگی میں مسلسل نکھار آتا جا رہا ہے، میں خود بھی ان کی بولنگ سے بہت لطف اندوز ہوتا ہوں۔
ایک سوال پر بابر اعظم نے کہاکہ میرے لیے ذاتی اہداف سے زیادہ ٹیم کی کارکردگی اہم ہے، زمبابوے کے خلاف سیریز میں عالمی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قبضہ پانے کااچھا موقع ہوگا لیکن بطور کپتان ذاتی اہداف کے بجائے ٹیم کی کارکردگی زیادہ اہمیت رکھتی ہے، میچ کی صورتحال اور ٹیم کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی اننگز کی پلاننگ کرتا ہوں، فتوحات حاصل ہوں تو ذاتی اہداف بھی ساتھ ساتھ عبور ہوتے رہتے ہیں۔