معروف ٹک ٹاک اسٹار جنت مزرا نے چند روز قبل پاکستانیوں کی ذہنیت سے متعلق دئیے گئے بیان پر وضاحت دی ہے اور اس کے ساتھ پاکستان مستقل طور پر چھوڑکر جاپان منتقل ہونے کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
چند روز قبل جنت مرزا نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک مداح سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان مستقل طور پر چھوڑ کر جاپان منتقل ہورہی ہیں اور جب مداح نے ان سے اس کی وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان بہت اچھا اور پیارا ہے لیکن یہاں کے لوگوں کی ذہنیت اچھی نہیں ہے اس لیے وہ جاپان منتقل ہونا چاہتی ہیں۔
جنت مرزا کے اس بیان پر نہ صرف ان کے مداح کافی مایوس ہوگئے تھے بلکہ پاکستانیوں کی ذہنیت کے حوالے سے دیا گیا بیان بہت سے لوگوں کو پسند نہیں آیا تھا جس کی وجہ سے جنت مرزا پر کافی تنقید بھی کی گئی تھی۔ لیکن اب انہوں نے انسٹاگرام پر ایک لائیو سیشن کے دوران اپنے بیان کی وضاحت کی ہے۔
جنت مرزا نے کہا بہت سارے بڑے بڑے چینلز نے یہ خبر چلائی کہ جنت مرزا پابندی کے کلچر کی وجہ سے پاکستان چھوڑ رہی ہیں لیکن میں نے ایسا کبھی نہیں کہا کہ میں پابندی کے کلچر کی وجہ سے اپنا ملک چھوڑنا چاہتی ہوں۔ اور دوسری بات میں نے پاکستان چھوڑنے کی بات اس لیے کہی تھی کیونکہ ان دنوں ٹی وی پر بچیوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے حوالے سے بہت زیادہ خبریں آرہی تھیں۔
جنت مرزا نے موٹر وے زیادتی کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کے ساتھ زیادتی ہونے پر پولیس آفیسر(سی سی پی او عمر شیخ) نے الٹا اس خاتون کو ہی قصوروار قرارد یتے ہوئے کہا تھا کہ اس عورت کو اکیلے گھر سے باہر نہیں نکلنا چاہیئے تھا لہذا میں نے ’’پاکستانیوں کی خراب ذہنیت‘‘ کا لفظ سب کے لیے نہیں بلکہ اس پولیس آفیسر کی طرح کے کچھ لوگوں کے لیے استعمال کیا تھا۔ جنت مرزا نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ لوگ تو جذباتی ہوجاتے ہو۔
ویڈیو میں جنت مرزا نے اپنے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ابھی کیمرے کے آگے تو کام کررہی ہوں لیکن اب میں کیمرے کے پیچھے کام کرنا چاہتی ہوں اور میں بطور فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کام کرنا چاہتی ہوں۔
واضح رہے کہ جنت مرزا پاکستان کی پہلی اسٹار ہیں جن کے ٹک ٹاک پر 10 ملین (ایک کروڑ) فالوورز ہیں۔ یہ کسی بھی سوشل میڈیا پر کسی بھی اسٹار سے زیادہ فالوورز ہیں۔