پاک بھارت مقابلہ، سیکیورٹی خدشات منتظمین کے اعصاب پر سوار

0
337

مانچسٹر:

ورلڈ کپ میں پاک بھارت مقابلے سے قبل سیکیورٹی خدشات منتظمین کے اعصاب پر سوار ہوگئے۔

ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹرمیں ہوگا، ایک برطانوی اخبار کے مطابق میچ کی سیکیورٹی کیلیے انتظامیہ نے منصوبہ بندی شروع کردی ہے، مسلح اہلکاروں کوکسی بھی خطرے کے پیش نظر تعینات کیا جائے گا۔

اس مقابلے کیلیے جوش و خروش کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 25 ہزار ٹکٹوں کیلیے 5 لاکھ سے زائد لوگوں نے درخواست دی تھی،دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بھی اس میچ کی اہمیت کو بڑھا رہی ہے، اگرچہ حکام نے اس مقابلے کیلیے کی جانے والی سیکیورٹی منصوبہ بندی پر اپنے ہونٹ سختی سے بند کررکھے ہیں۔

 

یہ بات واضح ہے کہ ورلڈ کپ کے دوسرے میچز کی بانسبت اس میچ کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کی غیرمعمولی تعداد تعینات ہوگی۔گریٹرمانچسٹر کی پولیس کو اس بات کا خدشہ ہے کہ اس مقابلے کی اہمیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئی دہشتگرد کارروائی بھی کرسکتا ہے، اس لیے اسٹیڈیم کی چاروں جانب سے سخت نگرانی کی جائے گی۔ آفیسرز اس دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی صورتحال پر بھی نظر رکھیں گے۔

ابھی تک ایسی کوئی انٹیلی جنس موصول نہیں ہوئی جس میں کراؤڈ میں کسی بھی قسم کی بدنظمی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہو کیونکہ میدان میں موجود 80 فیصد شائقین کی تعداد برطانیہ میں بسنے والے لوگوں کی ہوگی۔ 2017 میں انہی دونوں ممالک کے درمیان اوول میں چیمپئنز ٹرافی کا فائنل بھی خیروعافیت سے منعقد ہوا تھا۔

پولیس مقامی پاکستانی اور بھارتی کمیونٹی کے درمیان صورتحال کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باوجود مانچسٹر میں مقیم تارکین وطن میں کسی قسم کی نفرت نہیں پائی جا رہی۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے فی الحال سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں کوئی تفصیل ظاہر نہیں کی گئی، البتہ یہ بات یقینی ہے کہ اسٹیڈیم کے داخلی راستوں پر بھی سخت انتظامات ہوں گے جبکہ کسی بھی قسم کی بدنظمی پر فوری قابو پانے کیلیے بھی سریع الحرکت پولیس یونٹ بھی موجود ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سے قبل شہر میں بھارتی شائقین کی جانب سے ایک کنسرٹ کے انعقاد کا بھی امکان ہے، پاک بھارت میچ دکھانے کیلیے مانچسٹر کے کیتھیڈرل گارڈنز میں بڑی اسکرین بھی نصب کی جائے گی، یہاں پر بھی 3 ہزار سے زائد شائقین کی آمد کا اندازہ ہے اس لیے بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here